پاکستان اور سوڈان کے درمیان تجارت تعلقات بڑھانے کی وسیع گنجائش ہے:سفیر

لاہور (کامرس رپورٹر) سوڈان کے سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق نے کہا ہے کہ سوڈان اور پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات مگر تجارت ان کی عکاس نہیں، سوڈان قدرتی وسائل، زراعت، کان کنی اور لائیوسٹاک سے مالا مال اور باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور سے لاہور چیمبر میں ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع روشنی ڈالی۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان بہترین سفارتی و ثقافتی تعلقات ہیں ، بہت سے سوڈانی طلبا پاکستان میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد باہمی اقتصادی تعلقات ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر سوڈان کی اقتصادی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے، یہ افریقہ کے بڑے ممالک میں سے ایک اور بہترین جغرافیائی مقام کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو ایک ارب ڈالر تک لے جانے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوڈان کو فارماسیوٹیکل مصنوعات، پیکنگ میٹریل وغیرہ سوڈان کو برآمد کررہا ہے لیکن اس کے علاوہ بھی بہت سی مصنوعات ہیں جو سوڈان کی مارکیٹوں میں اپنا مقام حاصل کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زراعت سوڈان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے،پاکستان ٹریکٹرز، متعلقہ پرزہ جات اور دیگر زرعی مشینری کی برآمدات کو بڑھا کر سوڈان کی زرعی میکانائزیشن میں یقینی طور پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ دوسری طرف، سوڈان پاکستان کو زرعی خام مال کی سپلائی کرسکتا ہے۔ کاشف انور نے مزید کہا کہ پاکستان تعمیراتی سامان برآمد کرکے سوڈان میں انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی مدد کرسکتا ہے۔ سیاحت کے شعبے میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کی زبردست صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان، قالین اور آلات جراحی وغیرہ کے حوالے سے جانا جاتا ہے، اگر ہماری برآمدات کو بہتر مارکیٹ رسائی دی جائے تو اسے سوڈان برآمد کیا جا سکتا ہے۔ تجارتی رکاوٹوں میں کمی کیلئے ، سوڈان کا سفارتخانہ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کی سہولت فراہم کر کے بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔سوڈان آئی ٹی سیکٹر میں بھی پاکستان سے استفادہ کررہا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ چینلز مضبوط بنانے اور تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اغراض و مقاصد پر بھی روشنی ڈالی اور سفیر سے کہا کہ وہ سوڈان کے سفیروں کو اس بارے میں آگاہ کریں۔