مہنگائی سے عوام زندہ درگور، نگران حکومت کے تمام غیر قانونی فیصلوں کو کالعدم قرار دیا جائے: تاجر رہنما

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) سینئر تاجر رہنماوں نے نگران حکومت کا بجلی، پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور ان کی قیمتوں کا تعین فارماسوٹیکل کمپنیوں اور میڈیکل سٹور مالکان کو من مانی قیمتوں پر ادویات کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت کو عوام کو زندہ درگور کرنے کا اختیار کس کو دیا ہے۔ روز نامہ” مشرق“سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تاجر رہنما وقار احمد میاں، عمر قریشی، میاں سلیم اور میاں خلیل عبیر نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ اور اوپر سے قیمتوں کا اختیار ادویات ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹور مالکان کو دینا غریب اور سفید پوش طبقے کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کا کام صرف انتخابات کروانا تھا مگر افسوس انہوں نے ریکارڈ توڑ مہنگائی کر کے عام آدمی کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ ہماری نئی بننے والی حکومت سے گزارش ہو گی کہ نگران حکومت کے تمام غیر قانونی فیصلوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔