پاکستانی تاجر آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھائیں: سفیر خضر فرہادوف

لاہور (کامرس رپورٹر) آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اپنے خطاب کے دوران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے آذربائیجان کے مضبوط عزم پر زور دیا۔ انہوں نے آذر بائیجان ائیر لائن اور پی آئی اے کی طرف سے گزشتہ برسوں سے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز پر روشنی ڈالی، فلائٹ کنیکٹیویٹی کو وسعت دینے کی خواہش کا خاکہ پیش کیا، جس کا مقصد مختلف شہروں سے روزانہ کی پروازیں ہیں۔ سفیر نے معاشی ترقی میں نجی شعبے کے کلیدی کردار پر زور دیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے آذربائیجان کے سفیر کا خیر مقدم کیا اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستانہ، تاریخی، اور ثقافتی تعلقات کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان وسطی ایشیا کا ایک اہم ملک ہے جو کہ ایک بہترین لوکیشن وافر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جو کہ اسے علاقائی تجارتی اور نقل و حمل کیلئے ایک اہم ملک بناتے ہیں۔ آذربائیجان کے سفیرخضر فرہادوف نے آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان تجارتی ٹرن اوور میں نمایاں اضافے کے حوالے سے امید کا اظہار کیا اور کہا کہ اس کی وجہ براہ راست پروازیں ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافے کو نوٹ کیا، مضبوط اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں نجی شعبے کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ سفیر نے عوام سے عوام کے رابطے اور آذربائیجان کے سفارت خانے کی رسائی کی اہمیت پر زور دیا، پاکستان کے ایس آئی ایف سی کے تحت ممکنہ مشترکہ منصوبوں میں بھی آذربائیجان کی شرکت کیلئے ہم آہنگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدوں کے قیام کی وکالت کی اور آذربائیجان کی جانب سے ہر سال دسیوں ہزار پاکستانی سیاحوں کے استقبال کا حوالہ دیتے ہوئے سیاحت کو تعاون کیلئے ایک امید افزا علاقے کے طور پر شناخت کیا۔ سفیر نے گزشتہ دو سالوں میں سوکر ٹریڈنگ، تجارتی ٹرن اوور کے تعاون سے براہ راست اور بالواسطہ 10 گنا اضافے کو سراہا۔ اور آذربائیجان کی حکومت کی جانب سے 31 دسمبر 2027 تک پاکستان سے چاول کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ کے اعلان کے بعد سفیر نے پاکستانی چاول کے برآمد کنندگان کو مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی مواقعوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارتی حجم ابھی اپنے مکمل پوٹینشل تک نہیں پہنچا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی آذربائیجان کو چاول، کپڑا، اور پھلوں کی برآمدات کا ذکر کیا، ساتھ ہی آذربائیجان سے یوریا کی درآمدات کا ذکر کیا۔ کاشف انور نے دو طرفہ تجارت کے مواقع کو زیادہ سے زیادہ کرنے کیلئے پروڈکٹ لائنز اور تعاون کے طریقہ کار میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا اور باہمی تعاون کیلئے دواسازی، آلات جراحی، ٹیکسٹائل، آئی ٹی اور سیاحت جیسے ممکنہ شعبوں کی تجویز دی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے تجارت کو آسان بنانے اور عوام کے باہمی رابطوں کو فروغ دینے میں سفارت خانوں کے تجارتی سیکشنز کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے حالیہ پاکستان آذربائیجان دوطرفہ سیاسی مشاورت پر روشنی ڈالی جس میں توانائی، آئی ٹی، زراعت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ کاشف انور نے دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کیلئے ترجیحی تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کیلئے جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے، کاشف انور نے آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ دفاع، زراعت، معدنیات، آئی ٹی اور توانائی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹرز کے ذریعے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو بھی سراہا۔