ہنی مون کا وقت نہیں،نئی حکومت کو پہلے دن سے ہی فائر فائٹنگ کرنا پڑے گی،اقتصادی ماہرین

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ہنی مون کا وقت نہیں،نئی حکومت کو پہلے دن سے ہی فائر فائٹنگ کرنا پڑے گی،اقتصادی ماہرین نے خبردار کردیا۔

ماہرین کے مطابق معاشی ایجنڈے کی کامیابی کیلئے نئے سیٹ اپ میں ایس آئی ایف سی کا مرکزی کردار ہو گا،نئی حکومت کیلئے آئی ایم ایف سے نئے پروگرام کا حصول ، مہنگائی میں کمی اور قرضوں کی بروقت ادائیگی بڑے چیلنجز ہوں گے،کمزور مخلوط حکومت کیلئے معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانا ،بلند مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینا انتہائی مشکل ہوگا۔

اقتصادی ماہرین نے کہاپی آئی اے، سٹیل ملز سمیت خسارے کا شکار سرکاری اداروں کی نجکاری ناگزیر ہے، شرح سود میں کمی وغیرضروری انتظامی اخراجات میں کفایت شعاری اختیار کرنا ہو گی،حکومتی امور چلانے و ضروری اخراجات کیلئے ٹیکس ریونیو بڑھانا،معیشت کو دستاویزی شکل دےکر ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح کو بتدریج 15 سے 20 فیصد تک لےجانا ہو گا۔