پانی کا غیرضروری استعمال اور ضیاع،کریک ڈاﺅن کیلئے 8 آپریشن ڈائریکٹوریٹ میں واسا ٹیمیں تشکیل

لاہور (اپنے نمائندے سے) واسا انتظامیہ کا پانی کے غیر ضروری استعمال اور ضیاع کرنیوالے شہریوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن، 8 آپریشن ڈائریکٹوریٹ میں ٹیمیں تشکیل، 100سے زائد ملازمین فیلڈ میں تعینات خلاف ورزی پر نقد جرمانے کوتاہی پر ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات ۔تفصیلات کے مطابق واسا لاہور انتظامیہ اور جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن کے باہمی اشتراک سے شہر میں پانی کے ذخائر میں کمی کے خطرے کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پر قابو پانے کی خاطر منصوبہ بندی اختیار کی گئی جس میں واسا لاہور انتظامیہ کی جانب سے پانی کے غیر ضروری استعمال اور ضیاع کرنے والے شہریوں کے خلاف کریک ڈاﺅن میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں ایسے شہری جن کی طرف سے پائپ کے استعمال اور اسی طرح کے دیگر طریقہ کار سے پانی کو ضائع کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کرنے کی خاطر واسا انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں واسا کی 8 آپریشن ڈائریکٹوریٹ جس میں علامہ اقبال ٹاﺅن ،گنج بخش ٹاﺅن ،راوی ٹاﺅن ،گلبرگ ٹاﺅن ،عزیز بھٹی واہگہ ٹاﺅن ،شالیمار ٹاﺅن ،نشتر ٹاﺅن اور جوبلی ٹاﺅن شامل ہیں ان ٹاﺅنز کی حدود میں پانی کے ضیاع اور غیر ضروری استعمال کی روک تھام کی خاطر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں مختلف نوعیت کے 100سے زائد ملازمین کو شامل کیا گیا ہے جن کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ پانی کے غیر ضروری استعمال اور ضیاع کو ہر ممکن روکنے اور کمی لانے کی خاطر اپنی ذمہ داری کو ادا کریں خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو فوری نقد جرمانہ کیا جائے جو ان کے بل میں شامل کرتے ہوئے وصولی کی جائے گی اس حوالے سے دسمبر 2023میں بھی واسا کی جانب سے بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی اور وصولی کی اس میں مزید بہتری لانے کی خاطر ڈی ایم ڈی آپریشن کی جانب سے مختلف ٹاﺅنز کے 100سے زائد ملازمین پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے تحریری احکامات جاری کئے گئے ہیں اس میں ملازمین کو سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ وہ پانی کے ضیاع اور غیر ضروری استعمال کرنے والے شہریوں کو جرمانہ کیا جائے اس میں سستی اور کوتاہی بھرتنے والے ملازم کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں واسا انتظامیہ کا پانی کے ضیاع اور غیر ضروری استعمال کی روک تھام کی خاطر عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ واسا کا بنیاد ی مقصد لاہوریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے جس میں پینے کا صاف پانی اہم ضرورت ہے اس لئے پانی کے غیر ضروری استعمال اور ضیاع کی روک تھام کی خاطر ٹیمیں فیلڈ میں کام کر رہی ہیں ۔