لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فرسٹ لاہور چیمبر آئی ٹی فری لانسنگ ایوارڈز 2024کا انعقاد کیا جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن مہمان خصوصی تھے جبکہ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور ، سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری ، نائب صدر عدنان خالدبٹ ، کنوینرسٹینڈنگ کمیٹی برائے آئی ٹی عبدالوہاب احمد و دیگر تقریب میں شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ بہت خوشی ہے کہ ایک اچھے کام کا آغاز ہوا ہے، ہزاروں میل کے سفر کا آغاز ایک قدم سے ہوتا ہے، کاشف انور کا یہ ایک اور اعزاز ہے۔ آئی ٹی آج کی دنیا میں بہت اہم ہے، اس سے جابز بڑھیں گی لیکن انکی نوعیت بدل جائیگی ۔آئی ٹی میں جو جو بہتر کام کر رہے ہیں وہ دوسروں کو بھی راستہ دکھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت سے اکنامک ماڈل ہیں، کاروباری اور پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات دی گئیں وہ قومیں کامیاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی نے روابط کو آسان بنا دیا ہے پوری دنیا ایک دوسرے سے منسلک ہے ۔ہمارا کیریکٹر ہماری ترقی کا باعث بنتا ہے، آج کی دنیا میں ٹرانسپیرنسی سے ہی کام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کی دنیا میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ بھارت آئی ٹی میں ترقی کر رہا ہے۔ تمام ممالک جو ترقی کر رہے ہیں وہاں پالیسیاں اختیار کی گئی ہیں، ہمیںڈیٹا کے ذریعے اس کا تجزیہ کرنا چاہیے۔آئی ٹی میں بہت پوٹینشل ہے، آپ لوگ سوشل میڈیا پر زیادہ فعال ہیں، مثبت رویوں کی ترویج بھی آپکی ذمہ دار ی ہے۔ گورنر نے کہا کہ گورنر یونیورسٹیوں کا چانسلر بھی ہوتا ہے۔ میں نے یونیورسٹیوں میں ای روزگار کا ڈائریکٹو بھیجا ہے،تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں، اس سے کامیابی کی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔۔لوگ کامیاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم پر بہت تنقید کی گئی۔ وہ ایک ٹرانسپیرنسی کے ساتھ طلباءکو دئیے گئے جس کے ثمرات آج آپکے سامنے ہیں۔میرٹ پر لوگوں کو تعلیم دی جائے۔لیپ ٹاپ ملنے کے بعد ہماری رینکنگ میں بہتر آئی، فری لانسنگ میں اضافہ ہوا۔عمر سیف پیمنٹ کے حصول کے حوالے سے پے پال اور دوسری ایپس کو ملک میں لا رہی ہے جو بہترین اقدام ہے ۔ فری لانسرز بہت بہترین کام کر رہے ہیں، سب سے بڑا پوٹینشل نوجوان ہیں جو یہ کام کر رہے ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ 21 ویں صدی ٹیکنالوجیکل ایڈوانسمنٹ کی ہے ۔ خاص طور پر ڈیجیٹلائزیشن نے ہمارے رہنے، کام کرنے اور بات چیت کرنے کے اندازسمیت زندگی کے تقریباً ہر پہلومیں انقلاب برپا کر دیا ہے۔اس وقت دنیا کے تمام بڑے اور چھوٹے ممالک چوتھے صنعتی انقلاب کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینے پر کام کررہے ہیں تاکہ وہ دس ٹریلین ڈالر سے زائد کی گلوبل ڈیجیٹل اکانومی کا فعال حصہ بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ایک عرصہ سے آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینے میں مصروفِ عمل ہے اور اس غرض سے ہر سال لاہور چیمبر آئی ٹی ایوارڈز کے ذریعے اعلیٰ کارکردگی دِکھانے والی آئی ٹی کمپنیوں کو ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔
پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے ترقی کررہا ہے :گورنر پنجاب
















