چین کی پھر ثالثی پیشکش،پاکستان ایران مذاکرات کریں:روس،ترکیہ،افغانستان

کراچی،بیجنگ،ماسکو،کابل:(بیورورپورٹ ،مشرق نیوز)چین نے پاک ایران کشیدگی پر پھر ثالثی کی پیشکش کردی،روس،ترکیہ،افغانستان نے دونوں ممالک کو تحمل سے رہنے کامشورہ دےدیا ۔

کراچی میں چینی قونصل جنرل یانگ یوڈونگ نے کہا پاک ایران اختلافات بات چیت سے حل کیے جاسکتے ہیں،دونوں ملک تحمل کا مظاہرہ کریں اور تعلقات اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق آگے بڑھائیں،چینی قونصل جنرل نے مزید کہا تعلقات عالمی اقدار کے مطابق آگے بڑھائیں، چین اچھے دوست پاکستان و ایران میںاختلافات دور کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا پاکستان اورایران کے درمیان ثالثی کےلئے تیار ہیں، فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں اضافے سے بچیں،کشیدہ صورتحال میں کمی کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہےں۔

دریں اثنا روس نے کہاپاکستان،ایران تحمل سے کام لیں، صورتحال میں مزیدکشیدگی خطے کے امن و استحکام اور سلامتی میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے ہاتھوں کھلونا بنے گی۔

ماسکو میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریا زخارروا نے کہاایس سی او کے دوست ممالک کے درمیان کشیدگی ہونا افسوسناک بات ہے، دونوں ممالک سے روس کے شراکتی تعلقات فروغ پا رہے ہیں، دوسرے ملک میں انسداد دہشتگردی کارروائی ملک کی انتظامیہ کے تعاون ،معاہدے کے تحت ہونی چاہیے، فریقین سے تحمل سے کام لیں اور مسائل سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کریں۔

ادھرامارات اسلامی افغانستان کی وزارت خارجہ نے کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا دونوں پڑوسی پر ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں،پاکستان ،ایران کے درمیان حالیہ پر تشدد واقعات خطرناک ہیں، طویل جنگوں کے بعد خطے میں امن واستحکام آیا ،تنازعات سفارتکاری سے حل کرنے چاہئیں ۔

مزید برآںترکیہ نے بھی دونوں ممالک سے تحمل اور عقلمندی کا مظاہرہ کرنے پر زور دےدیا،ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہاپاکستان اورایران کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفون پر بات کی ، دونوں ہی خطے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتے،تجویز ہے فریقین مزید کشیدگی نہ بڑھائیں، جلد از جلد امن بحال کریں،خودمختاری و علاقائی سالمیت کے باہمی احترام کی بنیاد پر مسائل کو حل کیا جانا چاہیے۔