پاکستان ،دبئی کے درمیان 3 بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدے

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے مواصلات، ریلویز اور بحری امور شاہد اشرف تارڑ اور چیئرمین پورٹس، کسٹمز اینڈ فری زون کارپوریشن سلطان احمد بن سلیم نے دو بین الاقوامی معاہدوں پر ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں دستخط کئے۔ ان معاہدوں میں ریلوے، اقتصادی زونز اور انفراسٹرکچر میں تعاون کا معاہدے پر حکومتی فریم ورک کے معاہدے شامل ہیں۔ معاہدے میں ایک وقف فریٹ کوریڈور، ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک اور فریٹ ٹرمینلز کی ترقی میں تعاون شامل ہے۔ڈی پی ورلڈ پاکستان کے معروف تجارتی گیٹ وے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر انفراسٹرکچر کی بہتری کا کام کرے گا۔ سمندری اور لاجسٹکس شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے ٹرمینل کے قریب ایک اقتصادی زون بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ اس میں کراچی کے قریب ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اور اکنامک زون کے ممکنہ قیام کو شامل کیا جائیگا۔ڈی پی ورلڈ دبئی حکومت کی جانب سے کام کرے گا جبکہ پاکستان ریلویز اور پورٹ قاسم اتھارٹی ان منصوبوں کی ترقی کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کام کریگی۔ریل پر مبنی ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور بحیرہ عرب پر واقع کراچی بندرگاہ سے، پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی سے گزرتے ہوئے، تقریباً 50 کلومیٹر دور پپری مارشلنگ یارڈ تک کا منصوبہ ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ ڈی پی ورلڈ کی پاکستان میں طویل عرصے سے موجودگی کا نتیجہ دوطرفہ مفید ملاقاتوں کے بعد ان معاہدوں کی صورت حاصل ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ غیر متزلزل اعتماد اور شراکت داری کی بنیاد پر دونوں برادر ممالک نے تاریخی منصوبوں کے ذریعے اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرمایہ کاری کے فریم ورک کے معاہدوں پر دستخط ایشیا کیلئے گیٹ وے کے طور پر پاکستان کی اہمیت اور اس کے سٹرٹیجک مقام سے وابستہ تجارتی منافع کو نمایاں کرتا ہے۔دوسری طرف، سلطان احمد بن سلیم نے کہاکہ پاکستان ایک بڑھتی ہوئی منڈی ہے، اور وسطی ایشیا کیلئے ایک اہم تجارتی راہداری ہے۔