لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے صوبہ میں کھاد کے گرانفروشوں اور ذخیر اندوزوںکیخلاف کریک ڈاﺅن تیز کر دیا ہے اور گزشتہ دو ہفتے کے دوران 149کھاد ڈیلروں کوگرفتار اور 265 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔یہ بات چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کو حکام نے بریفنگ کے دوران بتائی۔اجلاس میں کھاد کی گرانفروشی کیخلاف کریک ڈاﺅن، اشیاءخورونوش کی قیمتوںکا جائزہ لیا گیا اور زرعی اراضی کی ملکیت کی تصدیق کیلئے کھاد کے سیل پوائنٹس پرپنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ گرانفروشی کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں کھاد کی فروخت جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور نا جائز منافع خوری میں ملوث کھاد ڈیلروں سے سختی سے نمٹا جائیگا اورگرانفروشی پر درج ہونیوالے مقدمات کی مکمل پیروی کی جائیگی۔ چیف سیکرٹری نے کھادوں کے متناسب استعمال بارے آگاہی بڑھانے کیلئے محکمہ زراعت کومہم شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ اشیاءخورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے اورتمام دکانوں پر نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرائے جائیں۔ انہوں نے ساہیوال میں پیاز اور دالوں کی قیمت زیادہ ہونے پر ڈویژنل کمشنر سے رپورٹ طلب کر لی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ڈپٹی کمشنرز زرعی منڈیوں کے دورے کریں اور قیمتوں کیساتھ طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔اربن یونٹ نے گزشتہ تین سالوں کے دوران اشیاءکی قیمتوں کے موازنے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔سیکرٹری زراعت نے اجلاس کوبریفنگ میں بتایا کہ صوبہ میں کھاد کے ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے اور گرانفروشی پر50کھاد ڈیلروں کے لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اجلاس میںخوراک ، لائیو سٹاک سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاﺅن، 149کھاد ڈیلرگرفتار
















