اسلام آباد+ کراچی (بیورو رپورٹ)نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمرسیف نے پاکستانی فری لانسرز کےلئے خوشخبری سنا تے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی فری لانسر اب پے پال کے ذریعے پیسے وصول کرسکیں گے۔اپنے ویڈیو بیان میں نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستانی فری لانسر اب پے پال کے ذریعے پیسے وصول کرسکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فری لانسرز کو پاکستان میں بیٹھ کر پے پال کا اکاو¿نٹ کھولنے کی ضرورت نہیں ہو گی، تھرڈ پارٹی کے تحت پاکستانی فری لانسرز کو اپنے بینک اکاو¿نٹ میں پیسے مل سکیں گے۔نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہاکہ نئی سپیس ٹیکنالوجی کے باعث نجی کمپنیاں پاکستان آکر لوگوں کو کمیونی کیشن مہیا کر سکیں گی۔انہوں نے اعلان کیا کہ فائیو جی اگلے سال جولائی میں شروع کیا جائیگا اور 300میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا جائیگا۔نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن ڈاکٹر عمر سیف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ نے نجی شعبے کی کمپنیوں کو خلا میں کم مدار میں سیٹلائٹ استعمال کرنے کی اجازت دینے کیلئے قومی خلائی پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ انکی وزارت ٹیلی کام کمپنیوں کے دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے 12جنوری 2024 سے ایک اور اقدام شروع کریگی جس کے تحت صارفین کو جدید ترین ماڈل فون آسان قسطوں پر ملیں گے،قسطوں پر آئی فون پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ قسط ادا کرنے میں ناکامی کی صورت میں پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ڈیوائس کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹمز (ڈی آئی آر بی ایس)کی طرز پر ہینڈ سیٹ کو بلاک کر دے گی۔ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کہا کہ اس کا مقصد ذمہ دارانہ مالیاتی رویے کی ترغیب دینا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسمارٹ فون کی رسائی میں توسیع ہوتی رہے۔ اس پالیسی کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں کو قسطوں کے منصوبوں کے ذریعے صارفین کو براہ راست اسمارٹ فونز پیش کرنے کا موقع ملے گا، اس طرح پاکستان میں خاص طور پر کم آمدنی والے طبقوں میں موبائل براڈ بینڈ کے فوائد کو وسعت ملے گی۔
پاکستانی فری لانسر اب پے پال کے ذریعے پیسے وصول کرسکیں گے: ڈاکٹر عمر سیف
















