تاجر برادری کا ملکی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ہے:بلیغ الرحمن

لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میںانجمن تاجران لاہور کے وفدنے وقار احمد میاں کی قیادت میں ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے وفود سے مسلسل ملتا رہتا ہوں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں کاروباری طبقے کے مضبوط ہونے سے معیشت میں بہتری کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد نہ صرف اپنے خاندانوں کیلئے بہتری کرتے ہیں بلکہ کئی خاندانوں کو روزگار دینے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ کاروباری افراد ملکی معیشت میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں لوگوں کی فلاح و بہبود میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے زلزلہ، کووڈ وبا اور سیلاب کے دوران آگے بڑھ کر لوگوں کی مدد کی۔