اسرائیلی بربریت میں مزید درجنوں فلسطینی شہید،سینکڑوں زخمی،جنگ بندی کیلئے بات چیت شروع

غزہ،تل ابیب،قاہرہ،جکارتہ،ملیبرن، (مشرق نیوز)غزہ میں اسرائیلی بربریت،بمباری،مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے 90 فلسطینی شہید ،سینکڑوں زخمی ہوگئے،جبالیہ کیمپ میں شہاب خاندان کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا،قبل ازیں صہیونی فورسز نے خان یونس میں ناصر ہسپتال پر ٹینکوں سے حملہ کیا ،13 سالہ بچی شہید ،متعدد افراد زخمی ہو گئے،رفاح میں عمارت پر فضائی حملے میں 4 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے، مغربی کنارے میں 5 شہری اسرائیلی بربریت کی بھینٹ چڑھے،غزہ کا الشفا ہسپتال مکمل طور پر مریضوں سے بھر گیا، بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھراسرائیلی فورسز نے غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کا محاصرہ ختم کردیا تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے شمالی غزہ میں کمال عدوان ہسپتال کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کمال عدوان ہسپتال کے غیرفعال ہونے سے 8 افراد شہید ہوئے۔

مزید برآں مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے بعد اسرائیلی افواج کی جانب سے نورالشمس کیمپ پر جارحانہ کارروائی کی گئی، اسرائیلی طیارے کے حملے میں مزید 5 فلسطینی شہید ہوگئے ،اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں کو بھی کیمپ میں جانے سے روکدیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا اسرائیل آخر تک جنگ لڑے گا، تمام اہداف حاصل کریں گے،دوسری جانب مصری حکام نے دعویٰ کیا ہے اسرائیل ، حماس دونوں ہی جنگ بندی ، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تیار ہیں ،بات چیت کاآغاز ہوگیا تاہم دونوں فریقین کا معاہدے کی تفصیلات پر اختلاف باقی ہے،خبرایجنسی کے مطابق حماس نے رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کی فہرست یکطرفہ طور پر تیار کرنے اور اسرائیلی فوج سے پہلے کی متعین کردہ حدوں میں پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کردیا،اسرائیل نے جنگ بندی کا وقت اور دورانیہ طے کرنے کےساتھ رہا کیے جانےوالے یرغمالیوں کی فہرست دیکھنے کا مطالبہ کیا ۔

دریں اثنا انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں امریکی سفارت خانے کے باہر سینکڑوں مظاہرین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا،آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین نے سٹیٹ لائبریری سے پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا،اسرائیلی فوج کے ہاتھوں غزہ میں 3 اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی حکومت کے خلاف تل ابیب میں بھی احتجاجی مظاہروں میں شدت آگئی، مظاہرین نے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے فوری معاہدے کا مطالبہ کردیا،سوئیڈن میں بھی فلسطین کے حق میں احتجاج کیا گیا ،سٹاک ہوم میں فلسطینی پرچم تھامے سینکڑوں افرادجنگ بندی کامطالبہ کرتے رہے۔