بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر کے انقلابی اقدام سے سرمایہ کاری کا کلچر بدلے گا :ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ہیڈآفس الفلاح بلڈنگ میں بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر بنایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب دسمبر کے پہلے ہفتے میں اسکا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر کے انقلابی اقدام سے پنجاب میں سرمایہ کاری کا کلچر بدلے گا اور سرمایہ کاری میں حائل ہر رکاوٹ دور ہوگی۔نیا کارخانہ لگانے کیلئے ایک ہی چھت تلے این او سی ملے گا۔صوبائی وزیرصنعت و تجارت نے کہاکہ تمام محکموں کے فوکل پرسنز مقرر کر دئیے گئے ہیں۔پنجاب اور وفاق کے 17 متعلقہ محکموں کے افسران بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر میں فرائض سرانجام دیں گے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بزنس فسیلی ٹیشن کی کارکردگی مانیٹر کی جائیگی۔ ایس ایم تنویرنے کہاکہ بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ نے بزنس فسیلی ٹیشن سینٹر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل سیکرٹری کامرس، سی ای او پیڈمک،ایڈیشنل سیکرٹری ہاسنگ اور متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز نے اجلاس میں شرکت کی۔