کرکٹ ورلڈکپ میں تماشائیوں کی ریکارڈ تعداد نے تاریخ رقم کردی

نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ نے نئی تاریخ رقم کردی جس دوران سب سے زیادہ تماشائیوں نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا۔آئی سی سی کے مطابق بھارت میں ہوئے ورلڈ کپ کے دوران 12 لاکھ 5 ہزار سے زائد تماشائیوں نے سٹیڈیمز کا رخ کیا ، ٹورنامنٹ کے 6 میچز ابھی باقی تھے کہ تماشائیوں کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کر چکی تھی۔آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ نے براڈ کاسٹ اور ڈیجیٹل ویورشپ کے بھی ریکارڈز قائم کردئیے ہیں۔آئی سی سی کے مطابق 14اکتوبر کو نریندر مودی سٹیڈیم میں ہونیوالا پاک بھارت میچ سٹیڈیم میں سب سے زیادہ دیکھا جانیوالا میچ تھا۔دوسری جانب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 2015 میں ہونے والا ورلڈکپ 10لاکھ 16ہزار تماشائیوں نے دیکھا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 2019 میں انگلینڈ میں تماشائیوں کی تعداد 7 لاکھ52 ہزار تھی۔