نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے غزہ میں 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں اونروا کے دو سکولوں کو نشانہ بنائے جانے پر شدید صدمے کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی اسکولوں میں موجود بے گھر افراد پر بمباری میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گوتیریس نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی عمارتوں کے تقدس کا خیال رکھا جائے اور ان پر حملے نہ کیے جائیں۔گوتیریس نے ایک بیان میں مزید کہا کہ غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تعدادحیران کن اور ناقابل قبول ہے۔انہوں نے انسانی وجوہات کی بنا پر فوری جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ سے شہریوں کی ہلاکتوں کی ہولناک تعداد ہو رہی ہے اور یہ سلسلہ رکنا چاہیے۔ یاد رہے کہ درجنوں فلسطینی، جن میں سے اکثر خواتین اور بچے ہیں، غزہ میں اقوام متحدہ کی تنصیبات میں پناہ لینے کے دوران اسرائیلی بمباری سے شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ میں اقوام متحدہ کے سکولوں پر حملے سے گہرا صدمہ پہنچا:گوتیریس
















