لاہور ( خبر نگار ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کیخلاف آپریشن چھٹی کے روز بھی جاری رہا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری میں ملوث 34 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 404 کنکشن بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،403 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 232 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 34 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 3 زرعی، 18 کمرشل اور 383 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 500491 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 19896983 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ ہواضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دریں اثناء فہد ٹاو¿ن کے علاقے میں ایمبرائیڈری یونٹ پر بجلی کی بڑی چوری پکڑی گئی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر ریجن بھر میں انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے، اس سلسلے میں لیسکو کی ٹیم نے ایس ڈی او بلال کالونی سب ڈویڑن کی زیر قیادت فہد ٹاو¿ن کے علاقے میں آپریشن کیا، دوران چیکنگ معلوم ہوا کہ ملزم لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا، چوری کی بجلی سے ایک ایمبرائیڈری یونٹ چلایا جارہا تھا، ملزم نے بجلی کی چوری کرکے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ ملزم پہلے بھی لیسکو کا ایک لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔ لیسکو حکام کی نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تار قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا ہے۔ لیسکو حکام کی جانب سے ملزم کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 4لاکھ روپے چارج کیے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث افراد قومی خزانے کو نقصان پہنچارہے ہیں جس کی وجہ سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے اسلئے بجلی چوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
کریک ڈاﺅن میں مزید 34 بجلی چور گرفتار، نادہندگان سے بھی وصولیاں
















