ایل ڈبلیو ایم سی، پہلی بار تگڑے اثرورسوخ والے پٹرول چوروں کی پکڑ دھکڑ شروع

لاہور ( خبر نگار ) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پہلی بار تگڑے اثرورسوخ رکھنے والے پٹرول چوروں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کردیا جس کے تحت 6 غیر مستقل اہلکاروں کی نوکری ختم جبکہ 2 موٹروہیکل انسپکٹروں کی خدمات ایم سی ایل کو واپس بھجوا کر ان کے خلاف پیڈا کے تحت انکوائری شروع کر نے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ مذکورہ اہلکاروں پر الزام تھا کہ گاڑیوں کی پٹرول ایوریج پوری کرنے کیلئے ٹریکر موٹر سائیکل کے ساتھ لگا کر چکر لگانا ان کا معمول تھا تاہم کمپنی کی خفیہ ٹیموں کی نشاندہی پر کاروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا تو مذکورہ ملزمان کو موقع سے پکڑ لیا گیا جس کے بعد موٹر وہیکل انسپکٹر نصیر اور اصغر کو بچانے کیلئے یونین کے تحت افسران پر خاصا دباﺅ ڈالا گیا مگر چیف ایگزیکٹیو آفیسر بابر صاحب دین کی سرکاری وسائل کو چوری کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتنے کے عزم کے آگے سہولت کار بھی ہتھیار ڈالنے پر مجبور رہے۔ کمپنی ذرائع نے بتایا ہے کہ سربراہ ایل ڈبلیو ایم سی نے کمپنی سے چوروں ڈاکوﺅں کے انخلاءکا جو عزم کر رکھا ہے اگر اس پالیسی پر تمام افسران اتفاق کرلیں تو وہ وقت دور نہیں کہ تھوڑے ہی عرصہ میں نہ صرف چھوٹے چور بلکہ ہیڈ کوارٹر میں بیٹھے ان کے سہولت کار بڑے چور بھی دھر لئے جائیں گے۔