میٹروپولیٹن کارپوریشن بلڈنگ کی تعمیرات کیلئے ماسٹر پلان کے تحفظ میں ناکام

لاہور ( خبر نگار ) صوبائی دارالحکومت میں بلڈنگوں کی تعمیر کے ذریعے ماسٹر پلان کے تحفظ کو برقرار رکھنے کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئی اطمینان بخش پالیسی وضع کرنے میں تاحال ناکام ہے۔ نااہل عارضی میٹروپولیٹن افسر پلاننگ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن میں پسند نا پسند کی حکمت عملی پر افسروں کو رام کر رکھا ہے جبکہ مضبوط اعصاب کے حامل سمجھے جانے والے چیف افسر بھی عارضی میٹروپولیٹن افسر کے ہاتھوں یرغمال نظر آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جن غیر قانونی تعمیرات پر میٹروپولیٹن افسر پلاننگ کی مالکان سے ٹھن گئی ہے۔ وہ مسماری اور سیلنگ جیسے کارروائی سے بالکل محفوظ ہیں جبکہ دیگر کیخلاف ایکشن تیز کر کے ایڈمنسٹریٹر کو بھی گمراہ کیا گیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ میٹروپولیٹن افسر پلاننگ کے اپنے گلبرگ زون میں درجنوں غیر قانونی تعمیرات جو تقریباً آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، انکے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوسکی ہے جن میں قابل ذکر کچا حبیب اللہ روڈپر سمارٹ سکول سسٹم دو منزلہ کمرشل تعمیر، مین جی ٹی روڈ شالامار احمد فیبرکس والی گلی میں دو سے زائد کمرشل تعمیرات، مین بازار کینال پارک گندہ نالہ ایل ڈی اے مارکیٹ کے قریب تین منزلہ کمرشل پلازے کی تعمیر، ریلوے سٹیشن نوری مسجد کے قریب کمرشل دکانوں کی تعمیر کے علاوہ درجنوں خفیہ تعمیرات نے عارضی پلاننگ افسر کی مجاز افسروں کو گمراہ کرنے والی پالیسی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ صوبے کے سب سے بڑے افسر کی سفارش سے تعینات ہونے والے اہل ترین چیف افسر کی مذکورہ غیر قانونی تعمیرات کیخلاف حکمت عملی افسران اور اہلیان لاہور کو مطمئن کرسکے گی۔