غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں تیزی، 2 صحافیوں سمیت31 فلسطینی شہید

غزہ (مشرق نیوز) اسرائیل نے غزہ پر جارحیت کے 44 ویں دن دو پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کرکے تمام حدیں پار کرلیں جس میں 31 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ الجزیرہ نیوز کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ روز غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکولوں الفاخورہ اور تل الزعتر کو بمباری کرکے ملبے کا ڈھیر بنادیا تھا جبکہ آج النصریت نامی ایک اور پناہ گزین کیمپ پر بھی وحشیانہ بمباری کی گئی۔

ان حملوں میں 2 صحافیوں سمیت متعدد بچے، خواتین اور بزرگ شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ ملبے کے ڈھیر سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق رات سے جاری ان حملوں میں مجموعی طور پر 31 فلسطینی شہید اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ ان تازہ حملوں میں 31 فلسطینیوں کی شہادت سے 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہدا کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 25 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔