انسداد بجلی چوری مہم ، مزید 24 ملزمان گرفتار، 282 کنکشن منقطع، نادہندگان سے بھی ریکوری

لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں282 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،268 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے176درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ24 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں2 زرعی،20 کمرشل اور260 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 307574 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت13186958روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق68روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک12568ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مجموعی طور25847 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے24998درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک48108264 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1990830066 ہے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈوژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ علاوہ ازیں ناگرہ چوک ڈھولنوال سب ڈویژن کے علاقے میں اشفاق فارمیسی پر بجلی کی چوری پکڑی گئی ، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دریں اثناءلیسکو کی رائل پارک سب ڈویژن کے ایس ڈی او عرفان نے اپنے اسٹاف کے ہمراہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کیا ۔آپریشن کے دوران اسٹیشن پر واقع العمران ہوٹل اور الہادی ہوٹل کوبجلی چوری کرتے پکڑ لیا۔مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں میٹر ریڈر غلام عباس جو کہ بجلی چوری کرنے میں سہولت فراہم کر رہا تھا اس کو نوکری سے معطل کر دیا گیا جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے محمد اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔تریسٹھ روز سے جاری مہم کے دوران38942 ڈیفالٹرز سے1ارب22کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔