آمدنی میں اضافہ، عوامی اعتماد کی بحالی، پاکستان ریلویز کا عوام ایکسپریس کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلوے حکام کی خراب مالی حالات میں مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کی منصوبہ بندی، سیلاب کے باعث بند ہونے والی عوام ایکسپریس کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ریلویز انتظامیہ نے ٹرین کو 18 بوگیوں پر مشتمل کرنے کی خاطر کیرج شاپ کو تیاری کی ہدایات جاری کردیں۔ رواں سال کے آخر میں ٹرین لاہور سے کراچی اور پشاور کے سفر کا آغاز کریگی۔ عوام ایکسپریس اکانومی کلاس، لوئر اے سی اور اے سی بزنس کلاس بوگیوں پر مشتمل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی عوام میں مقبولیت میں کمی میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کی وجہ ریلویز انتظامیہ کی جانب سے منصوبہ بندی کا فقدان اور خراب مالی حالات ہیں۔ علاوہ ازیں ٹرینوں کی ملک بھر کے مختلف شہروں سے تاخیر سے آمد و روانگی کے مسائل بھی ہیں جبکہ مسافر ٹرینوں کی بندش بھی بھی مسائل کی ایک بڑی وجہ ہے۔ دوسری طرف گزشتہ سال سیلاب کی وجہ سے مختلف مقامات پر پٹری اور ریلوے لائن پر قائم پل بھی کافی متاثر ہوئے جس کی وجہ سے ٹرین کا پہیہ تقریباً جام ہوگیا تھا۔ اس حوالے سے متعدد مسافر ٹرینوں کی بندش کی گئی تھی جس میں کچھ کو چلا دیا گیا تھا لیکن مسافروں میں سفر کیلئے مقبول ترین ٹرین عوام ایکسپریس کو بحال کرنے کے سلسلے میں کوئی اہمیت نہ دی گئی تھی جبکہ عوام ایکسپریس کے روٹس کی وجہ سے اسے لوگوں میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے اور اسکی عوامی مقبولیت کی وجہ سے 90 کی دہائی میں پیپلز پارٹی کے دوراقتدار میں اسکا نام ذولفقار علی بھٹو ایکسپریس کا نام دیا گیا تھا۔ ریلویز انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر بنیادی وجہ ریلویز کے خراب مالی حالات بتائے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ریلویز کو مزید مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلویز انتظامیہ کی جانب سے عوام ایکسپریس گزشتہ سال سندھ میں آنے والے سیلاب کے باعث بند کی گئی تھی، اسکو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوام کو سفر سہولت میں مزید بہتری لائی جا سکے اور مالی حالات میں بھی مثبت پیشرفت ہو۔ اس حوالے سے ریلوے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے ریلوے کیرج شاپس کو 18 کے قریب بوگیوں کو تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق عوام ایکسپریس کو رواں سال کے آخر دسمبر میں ٹریک پر رواں دواں کیا جا رہا ہے۔ عوام ایکسپریس اپنے پرانے روٹ کراچی سے لاہور اور لاہور سے پشاور کے مابین چلے گی۔ اس فیصلے کے پیچھے بنیادی وجہ عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ عوام ایکسپریس اکانومی کلاس، لوئر اے سی اور اے سی بزنس کلاس بوگیوں پر مشتمل ہو گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلویز کے خراب مالی حالات کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے لیکن عوام میں مقبولیت حاصل کرنے والی قدیم ٹرین کو بحال کرنے کے فیصلے کو سے عوام کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔