سائفر کیس،ہائیکورٹ نے عمران خان کاجیل ٹرائل روکدیا ،190ملین پاﺅنڈ سیکنڈل میں ریمانڈ کی استدعا مسترد

اسلام آباد، راولپنڈی (بیورو رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کا جیل ٹرائل روکتے ہوئے 16 نومبر تک حکم امتناع جاری کردیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی اوپن کورٹ سماعت اور جج تعیناتی کےخلاف انٹراکورٹ اپیل پر جسٹس میاں گل حسن اورجسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے خاندان کے چند افراد کو سماعت میں جانے کی اجازت کا مطلب اوپن کورٹ نہیں، جس طرح سے سائفر کیس میں فردجرم عائد کی گئی اسے بھی اوپن کورٹ کی کارروائی نہیں کہہ سکتے۔ اٹارنی جنرل نے کہا وفاقی کابینہ نے سائفر کیس کے جیل ٹرائل کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ کی جیل ٹرائل منظوری کا نوٹیفکیشن عدالت کے سامنے پیش کردیں گے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے نوٹیفکیشن دیکھیں گے کیا لکھا ہوا ہے، تمام ٹرائلز اوپن کورٹ میں ہوں گے۔ اس طرح تو ٹرائل غیرمعمولی ہوگا، جاننا چاہتے ہیں ایسے کیا غیرمعمولی حالات تھے ٹرائل اس طرح چلایا جا رہا ہے؟ آپ نے بتانا ہے دراصل ہوا کیا ہے، اٹارنی جنرل نے کہا تمام متعلقہ اداروں سے ریکارڈ لےکر عدالت کے سامنے رکھ دوں گا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے بہت سے سوالات کے جوابات دینے کی ضرورت ہے، وفاقی کابینہ نے 2 دن پہلے جیل ٹرائل کی منظوری دی، کیا وجوہات تھیں وفاقی کابینہ نے جیل ٹرائل کی منظوری دی؟۔

عدالت نے اٹارنی جنرل سے مزید استفسار کیا سب سے اہم سوال ہے منظوری سے پہلے ہونے والی عدالتی کارروائی کا سٹیٹس کیا ہو گا؟ کب کن حالات میں کسی بنیاد پر فیصلہ ہوا جیل ٹرائل ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا 5 گواہ اس وقت بھی جیل میں بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے موجود ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے بادی النظر میں تینوں نوٹیفکیشنز ہائیکورٹ کے متعلقہ رولز کے مطابق نہیں، اٹارنی جنرل صاحب! شاید میں زیادہ بول رہا ہوں، ایک جج کو زیادہ بات نہیں کرنی چاہئے، ویک اینڈ پر مجھے کیس کے بارے قانون پڑھنے کا موقع ملا، ریڈر آپ کو این جے پی ایم سی کا فیصلہ فراہم کریں گے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا سائفر کیس ٹرائل کرنےوالے جج کی تعیناتی ایگزیکٹو کی طرف سے کی گئی، ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے مشاورت کی گئی لیکن تعیناتی ایگزیکٹو نے کی، اب جو ٹرائل جیل میں ہورہا ہے وہ ہش ہش نہیں ہونا چاہیے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مثال پیش کی اندرا گاندھی کیس میں بھی ٹرائل تہاڑ جیل میں ہوا تھا، جب فیصلے کو چیلنج کیا گیا تو عدالت کو بتایا گیا وہاں میڈیا کو بھی اجازت تھی، وہاں بھی سابق وزیر اعظم کا کیس تھا، یہاں بھی سابق وزیراعظم کا کیس ہے۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کے ٹرائل میں 16 نومبر تک حکم امتناع جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا اور پرسوں تک سائفر کیس کی سماعت روکنے کا حکم دےدیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا استدعا تھی بند کمرے میں ہونے والا جیل ٹرائل کوئی ٹرائل نہیں، آئین کا بنیادی تقاضا ہے اوپن ٹرائل ہونا چاہیے، بالخصوص میڈیا اور ہر شخص کو آنے کی اجازت ہونی چاہیے، تاریکی میں ہونے والا ٹرائل کوئی ٹرائل نہیں۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا بات کو عدالت نے اٹارنی جنرل کے سامنے رکھا اور استفسار کیا کس طرح فیصلہ ہوا ٹرائل کو جیل میں کرنا ہے، کس کے ذہن کی اختراع ہے۔

مزید برآںاحتساب عدالت نے 190 ملین پاﺅنڈ سکینڈل میں عمران خان کی 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ احتساب عدالت کے جج بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ جج بشیر نے نیب کی جانب سے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا چیئرمین پی ٹی آئی سے نیب ٹیم اڈیالہ جیل میں تفتیش کریگی اور وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہی رہیں گے۔

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف 9 مئی کے 6 مقدمات اور بشریٰ پر جعلی رسیدوں کے کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ جج طاہر عباس سپرا نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش کرنے پر رپورٹ طلب کی ہے، معلوم کرنا ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے میں کیا مسائل ہیں، وکیل صفائی نعیم پنجوتھا نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کی تصویر سے ڈر ہے، جج طاہر عباس سپرا نے کہا آپ خود کہتے تھے چیئرمین پی ٹی آئی کو سکیورٹی خدشات ہیں، وکیل صفائی نعیم پنجوتھا نے کہا وزیر آباد اور جوڈیشل کمپلیکس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر حملہ ہوچکا، ایف ایٹ کچہری میں قتل ہوا کرتے تھے۔

جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا چیئرمین پی ٹی آئی کےساتھ تو سکیورٹی ہوتی تھی؟ وکیل صفائی نعیم پنجوتھا نے جواب دیا سکیورٹی نہیں دی گئی، حملے کے بعد سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔ بعدازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور اہلیہ بشریٰ کی عبوری ضمانتوں میں 28 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک چیئرمین پی ٹی آئی کی عدالت میں پیشی کے معاملے پرسکیورٹی رپورٹ طلب کرلی۔

مزید برآںاسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ کی کسی بھی مقدمے میں گرفتاری اور طلبی سے روکنے کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا، رجسٹرار آفس نے بشریٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے موقف اختیار کیا بغیر کسی ایف آئی آر کے ضمانت کی درخواست کیسے قابل سماعت ہے؟ بغیر تفصیل کسی مقدمے میں کیسے ضمانت دی جا سکتی ہے؟ دوسری جانب وزارت قانون نے نیب کیس میں عمران خان کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا حکومت چیئرمین پی ٹی آئی کے ٹرائل کیلئے اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت لگانے کی اجازت دیتی ہے۔ احتساب عدالت اڈیالہ جیل سمیت قیدیوں کی جیل میں عمران خان و دیگرکا ٹرائل کرسکتی ہے، نوٹیفکیشن کے بعد عمران خان کےخلاف 190 ملین پاونڈ سکینڈل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی۔