زراعت کی ترقی کیلئے جامع پلان مرتب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے:ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے زرعی برآمدات میں اضافہ کیلئے واضح روڈ میپ تیار کر رہی ہے تاکہ زرعی پیداوارمیں اضافہ کےلئے جدید ریسرچ کی روشنی میں ویلیو ایڈیشن کر کے زرعی شعبہ کے چیلنجز میں کمی اور اہم فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے جس سے کاشتکاروں کے منافع میں اضافہ ہو گا۔ان خیالات کا اظہار نگران صوبائی وزیر زراعت،صنعت و توانائی ایس ایم تنویر نے زراعت ہاوس لاہور میں پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان(2023-33)کو حتمی شکل دینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان صوبہ کی زرعی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر14 ورکنگ گروپس کی سفارشات کی روشنی میں پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان سے متعلق شرکاءکوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں26.26 ملین ایکڑ رقبہ پر فصلات کی کاشت ہو رہی ہے جبکہ ان کے لئے90 ملین ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہے جس میں سے 37 ملین ایکڑ فٹ پانی نہری نظام،کھالہ جات و زمین کی ناہمواری کے باعث ضائع ہو جاتا ہے اور53 ملین ایکڑ فٹ پانی آبپاشی کے لئے دستیاب ہوتا ہے جبکہ ہماری فصلوں کی ضروریات65 ملین ایکڑ فٹ ہے۔اس کے علاوہ اہم فصلات کپاس،گندم ،مکئی،گنااور دھان کی پیداوار میں اضافہ کیلئے موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات کو برداشت کر کے زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اقسام کی دریافت وقت کا اہم تقاضا ہے جس کیلئے ریسرچ و ڈویلپمنٹ کو مضبوط کرنا ہو گا۔اس کے علاوہ زرعی پیداوار میں اضافہ کے لئے ایگرو ایکالوجیکل زونگ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ پھلوں،سبزیات اور ہائی ویلیو ایگریکلچر کے زیرکاشت رقبہ میں اضافہ اور اُن کی ویلیو ایڈیشن کر کے کثیر زرِ مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر نے کہا کہ آج تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک چھت تلے اکٹھا کرنے کا مقصد پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان کی سفارشات کو حتمی شکل دینا ہے جس کی منظوری صوبائی کابینہ سے لی جائیگی تاکہ مستقبل میں تمام پروگرامز انہی گائیڈ لائنز کے مطابق ترتیب دیئے جائیںاورمختلف منصوبوں پر عملدرآمد اس لانگ ٹرم پالیسی کے تحت ہوگا تاکہ اہم فصلوںکے پیداواری اہداف کو حاصل کیا جاسکے۔