اسرائیلی دہشت گردی،شمالی غزہ کے تمام ہسپتال بند،شہادتوں میں اضافہ

غزہ،قائرہ (مشرق نیوز)اسرائیلی فوج غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے دروازوں تک پہنچ گئی ہے جبکہ وہاں موجود طبی عملے نے خبردار کیا ہے کہ نوزائیدہ بچوں سمیت مریضوں کی شہادتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے،اسرائیلی فوج نے کئی روز سے الشفا ہسپتال کو گھیرے میں لیا ہوا ہے ، ڈاکٹروں کا کہنا ہے بجلی کے جنریٹرز کےلئے ایندھن نہ ہونے کے باعث وہ مریضوں کا علاج کرنے سے قاصر ہیں، الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی جنگ کےلئے الشفا ہسپتال کو مرکزی ہدف قرار دے رکھا ہے،اسرائیلی فوج کے مطابق الشفا ہسپتال پر کنٹرول سے شمالی غزہ کے 50 فیصد حصے پر اس کا قبضہ ہو جائےگا،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس وقت الشفا ہسپتال کے اندر 650 مریض، 500 عملے کے افراد اور ڈھائی ہزار کے قریب بے گھر افراد موجود ہیں،ترجمان کے مطابق اسرائیلی ٹینک ہسپتال کے دروازے کے باہر کھڑے ہیں، اسرائیلی نشانے باز اور ڈرونز مسلسل ہسپتال پر فائرنگ کر رہے ہیں جس کے باعث ڈاکٹروں اور مریضوں کےلئے عمارت کے اندر چلنا بھی ناممکن ہوگیا ہے،خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، طبی ورکرز اور ماہرین کو النصر چلڈرن ہسپتال کے آئی سی یو میں مریضوں کو اکیلے چھوڑنے پر مجبور کیا جارہاہے،فلسطین ہلال احمر کے مطابق اب تک غزہ میں پہنچنے والی امداد کی مقدار سمندر میں ایک قطرہ کے برابر ہے ادھرغزہ میں امدای سامان کی ترسیل اور وہاں پھنسے غیرملکیوں کی مصر منتقلی کےلئے ایک بار پھر رفح کراسنگ کو کھول دیا گیا،عرب میڈیا کے مطابق غزہ سے 112 افراد کو رفح کراسنگ کے ذریعے مصر میں داخل ہونے کی اجازت دیدی گئی، ان افراد میں امریکہ ، سپین، مصر، یوکرین، مراکش، اردن، سویڈن اور پیرو کے شہری شامل ہیں، غیرملکیوں کو غزہ سے پہلے مصر لایا جائے گا اور طبی جانچ پڑتال کے بعد ان کے ممالک روانہ کردیا جائے گا۔