لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیرصدارت غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی،منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس، اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت سینئر افسران موجود تھے، تمام آر پی اوز ، ڈی پی اوز نے آئی جی پنجاب کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین وطن کے انخلا بارے بریفنگ دی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو غیر قانونی غیر ملکی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
آئی جی پنجاب نے کہا سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی ادارے انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کا عمل بلا تعطل جاری رکھیںمزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشن کی اپ گریڈیشن بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے تمام تھانوں کی سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول پر جلد از جلد منتقلی اور خدمت مراکز کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، آر پی اوز، ڈی پی اوز تمام تھانوں کو سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کو دی گئی مدت میں اپ گریڈیشن ہرصورت مکمل کریں۔
دریں اثنا سابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے صحافیوں کے وفد کےساتھ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کو سیف سٹیز اتھارٹی کی ورکنگ اور فیوچر پلان بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت بڑے شہروں میں کم لاگت اور ملکی آئی ٹی ٹیکنالوجی سے سیف سٹیز بنا رہے ہیں، صوبہ کے تمام دیگر چھوٹے شہروں میں پاسبان پراجیکٹ کے تحت منی سیف سٹیز بھی قائم کرنے جا رہے ہیں۔
غیر قانونی تارکین کے انخلا کا عمل مزید تیز کیاجائے:آئی جی
















