اسرائیلی دہشتگردی،مزید فلسطینی شہید،غزہ کادنیا سے رابطہ پھر منقطع

چلی، کولمبیا اور بولیویا نے صہیونی ریاست سے سفارتی تعلقات منقطع کردئیے

غزہ(مشرق نیوز)اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید سینکڑوں فلسطینی شہید،غزہ کادنیا سے رابطہ پھر منقطع،القسام بریگیڈز سے جھڑپوں میں 13 صیہونی فوجی ہلاک،حماس نے غزہ کو اسرائیلی فوج کاقبرستان بنانے کااعلان کردیا،چلی، کولمبیا اور بولیویا نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کردئیے۔

عرب میڈیا کے مطابق تازہ بمباری غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی اب تک کی شدید ترین کارروائی ہے ، اسرائیلی فوج نے غزہ کے ساحلی شہر پر 5 محاذوں سے حملہ کیا، شمالی غزہ کی پٹی میں بیت حانون کراسنگ پر اسرائیلی فوج ،فلسطینی دھڑوں کے درمیان شدیدجھڑپیں ہوئیں،اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں لائٹنگ بم برسائے،اسرائیلی دہشتگردی میں مزید سینکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے،خواتین،بچے بھی شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت مواصلات نے غزہ کی پٹی کےساتھ تمام مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز کے مکمل طور پر بند ہونے کی تصدیق کردی،بین الاقوامی رسائی دوبارہ منقطع ہونے کے باعث غزہ کادنیا سے رابطہ پھر ختم ہوگیا۔

ادھر غزہ پر زمینی کارروائی کے دوران حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کےساتھ جھڑپوں میں مزید 13 صیہونی فوجی ہلاک ہوگئے،غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی شروع ہونے کے بعد صیہونی فوجیوں کی ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے،فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے دفاعی آپریشن جاری ہے اور ابھی تو صرف شروعات ہیں، ابھی بہت کچھ کرنا ہے، غزہ کو دشمن کا قبرستان بنا دیں گے،مسلم امہ موقع سے فائدہ اٹھائیں اور جنگ میں شامل ہو۔

ادھر قطر کی ثالثی میں مصر، حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کے تحت زخمی فلسطینیوں کے مصر میں علاج و دہری شہریت رکھنے والوں کے غزہ سے انخلا کےلئے رفح کراسنگ بارڈر کو محدود پیمانے پر کھول دیا گیا۔

دوسری جانب مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر وحشیانہ بمباری و بربریت کے خلاف بطور احتجاج جنوبی امریکہ کے 3 ممالک نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کردئیے،گزشتہ روز چلی ،کولمبیا نے اپنے سفیروں کو اسرائیل سے واپس بلا یا اب بولیویا نے بھی اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا۔

بولیویا کے ڈپٹی وزیر برائے خارجہ امور نے کہااسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ اسرائیلی حملوں کی مذمت و اسرائیلی افواج کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ،اسرائیل نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا۔

،دوسری جانب فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیاں روکنے میں اقوام متحدہ کی ناکامی پر انسانی حقوق کمیشن (UNHRC) کے نیویارک آفس کے سربراہ کریگ موخیبر بطور احتجاج عہدے سے مستعفی ہو گئے،ملیسا فلیمنگ نے کہا کسی بھی تنازع میں اتنے کم وقت میں اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔