لاہور (قمر عباس) پی ایچ اے انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کی نااہلی، شہر کے مختلف پارکوں میں نصب جھولے ٹوٹ پھوٹ کا شکار، اقبال فیملی پارک سمن آباد میں خستہ حال جھولے بچوں کو زخمی کرنے لگے۔ والدین میں تشویش کی لہر، انتظامیہ نے معاملہ کو حل کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے کی جانب سے شہر کے مختلف پارکس میں شہریوں کو تفریح کے موقع فراہم کرنے کی خاطر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ اس حوالے سے متعدد پارکس میں بچوں کو فری جھولوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے شعبہ انجینئرنگ کو جھولوں کی دیکھ بحال اور بروقت مرمت کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے تاکہ شہریوں اور انکے بچوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تاہم ڈائریکٹر انجینئرنگ اصغر علی اور دیگر سٹاف کی نااہلی کی وجہ سے شہر میں مختلف پارکوں میں نصب جھولے عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جسے شعبہ انجینئرنگ کی جانب سے مکمل طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے جبکہ مبینہ طور پر اتھارٹی انتظامیہ کو ”سب اچھا“ کی کاغذی رپورٹ پیش کرنے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ ڈائریکٹر انجینئرنگ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت سمن آباد کے علاقہ میں قائم اقبال فیملی پارک میں نصب جھولے جس میں سلائیڈنگ بھی شامل ہے، ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس پر بچے جھولا لینے پر مجبور ہیں جس کی وجہ متعدد بچے زخمی ہوچکے ہیں جو کہ شہریوں کیلئے شدید اذیت کا باعث ہے۔ اسکے علاوہ دیگر پارکوں میں بھی جھولوں کی یہی حالت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ انجینئرنگ انتظامیہ کی جانب سے ذاتی آمدنی کے حصول میں مختلف منصوبہ جات کی مد میں ہونے والے کام ٹینڈرز کے بغیر کروائے جا رہے ہیں۔ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کی فری سیاحتی سہولیات کی فراہمی کو مشکل بنا دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں پارکوں میں فری جھولوں کی مد میں سہولت کا خاتمہ انجینئرنگ طریقہ کار سے کیا جا رہا ہے۔ اقبال فیملی پارک میں عرصہ دراز سے نصب سلائیڈنگ ٹوٹی ہوئی ہے جس کی مرمت نہیں کی جا رہی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر انجینئرنگ اصغر علی کا کہنا ہے کہ ”جو بھی مسئلہ ہے وہ مجھے سینڈ کردیں میں دیکھ لیتا ہوں“۔
پی ایچ اے انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ کی نااہلی، پارکوں کے جھولے خستہ حالی کا شکار، بچے زخمی ہونے لگے
















