غزہ پر بدترین حملے، بولیویا کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان

لاپاز (مشرق نیوز) غزہ پر بدترین حملوں کے بعد جنوبی امریکی ملک بولیویا نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کردئیے۔ بولیویا پہلا لاطینی امریکی ملک بن گیا ہے جس نے غزہ کی پٹی میں فوجی کارروائی پر اسرائیل سے سفارتی تعلقات توڑ لئے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بولیویا کی صدارتی ہاوس کی وزیر ماریا نیلا پرادا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ وہ بولیویا کی کثیر قومی ریاست کے طور پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں سے ہزاروں انسانی جانیں ضائع اور لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔

صدارتی ہاوس کی وزیر نے کہا کہ اسرائیل انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہے، ہم اسرائیل سے غزہ پر حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔دوسری جانب بولیویا کے خارجہ امور کے نائب وزیر کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ اسرائیل کے جارحانہ اور غیر متناسب فوجی حملوں کی مذمت میں کیا گیا ہے جو کہ اب بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔