غزہ: ہر10منٹ میں ایک بچہ شہید، اسرائیل کا جنگ بندی سے صاف انکار

غزہ،تل ابیب، جینوا،ریاض،لندن(مشرق نیوز)قابض اسرائیلی فورسز نے حماس کے 600 ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، صیہونی فورسز کی بمباری سے ہسپتال بھی راکھ کا ڈھیر بن گئے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صیہونی فورسز نے القدس ہسپتال کے اطراف میں شدید بمباری کی، مسلسل بمباری سے غزہ میں کینسر کا واحد ہسپتال مکمل تباہ ہوگیا،اسرائیلی بمباری سے شہید ہونےو الے فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، شہدا میں 3 ہزار 600 سے زائد بچے اور 1 ہزار 800 سے زائد خواتین شامل ہیں،وحشیانہ بمباری میں 23 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزار سے زائد بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ میں جنگ بندی کے امکان کو مسترد کر دیا،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں نیتن یاہو نے کہا ہے پرل ہاربر دھماکے ہوں یا نائن الیون امریکہ جنگ بندی پر راضی نہیں ہوا تھا، یہ جنگ کا وقت ہے، بائبل میں ہے ایک وقت جنگ کا اور ایک امن کا، اسرائیل جنگ بندی نہیں چاہتا یہ واضح ہونا چاہیے۔

اسرائیل کے طیاروں نے غزہ کے جبالیا پناہ گزین کیمپ وحشیانہ بمباری کرکے 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا،مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب اسرائیلی افواج پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنانے پر اتر آئی ہیں،اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جبالیا پناہ گزین کیمپ پروحشیانہ بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 100سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے،اسرائیل نے جبالیا کیمپ پر 6 امریکی ساختہ بم گرائے جس کے نتیجے میں پناہ گزین کیمپ مکمل طور پر تباہ ہوگیا،جبالیا کیمپ کی عمارتوں میں سیکڑوں فلسطینی شہری رہائش پذیر تھے۔

حملے کے بعد کئی عمارتیں طور پر مہندم ہوگئیں اور سیکڑوں افراد ملبے میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں،ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جبالیا پناہ گزین کیمپ سے لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال لایا جا رہا ہے اور شہدا کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے کہا ہے غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے،اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی جانب سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث مرنے والے بچوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں،یونیسیف نے اپنے بیان میں کہا ہے غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے۔

یونیسیف نے کہا غزہ میں ہر روز 420 سے زائد بچے اسرائیلی بمباری سے شہید یا زخمی ہو رہے ہیں،غزہ میں اسرائیل نے وحشیانہ بمباری کے ساتھ ساتھ 9 اکتوبر سے ایندھن کی سپلائی بھی بند کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں طبی نظام مکمل منہدم ہونے کے قریب پہنچ گیا ۔

فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لوگوں کےلئے تمام تر کوششوں اور ہسپتالوں کےلئے ایندھن کے ہر قطرے کی تلاش کے بعد اب ہم اپنے سفر کے اختتام پر پہنچ گئے ۔

برطانیہ میں اسرائیل کیخلاف آواز اٹھانا جرم بن گیا، فلسطینیوں کی حمایت کرنے پر دو اعلیٰ حکام کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا،کنزرویٹو رہنما پال بریسٹو نے وزیر اعظم رشی سونک کو خط لکھ کر غزہ میں جاری جنگ بند کرانے کا مطالبہ کیا جس کی پاداش میں پال بریسٹو کو کابینہ سے فارغ کر دیا گیا،دوسری جانب برطانیہ کی لیبر پارٹی نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر پارلیمنٹیرین اینڈی میک ڈونلڈ کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

مزید برآں ناروے نے کہا ہے اسرائیل نے غزہ پر شہری آبادی پر بمباری کے دوران بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے،ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈی نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ایک انٹرویو میں کہا ہمارا ماننا ہے اسرائیل نے غزہ پر بمباری کرکے ممکنہ طور پر بین الاقوامی قوانین کو توڑا ہے۔