سفارتی نااہلی کی ایک اور داستان رقم،کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کیخلاف یوم سیاہ پر امریکہ میں کوئی احتجاج نہ مظاہرہ

نیویارک(بیورورپورٹ)سفارتی نااہلی کی ایک اور داستان رقم،مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ مگر امریکہ میں کوئی احتجاج نہ مظاہرہ،مکمل خاموشی،یوم سیاہ صرف ایک کمرے تک محدود،سفارتخانے کی خانہ پری تقریب میں مخصوص6افراد ہی مدعو،پاکستانیوں،کشمیریوں اور حکومتی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے فرضی تصویر ی نمائش،پاکستانی وکشمیری برہم،حکومت سے فوری سخت ایکشن لینے کامطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق امریکہ میں تعینات سفارتکاروں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کردیا،پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ وادی پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا،بھارت مخالف مظاہرے،ریلیاں نکالی گئیں ،کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا مگر حسب روایت امریکہ میں سفارتی نااہلی کے باعث کوئی احتجاج نہ ہوا نہ مظاہرہ،سفارتخانے میں فرضی تصویری نمائش لگاکر2خواتین سمیت مخصوص 6افراد کو بلایا گیا،فرضی خبریں رپورٹ کرکے میڈیا،پاکستانیوں،کشمیریوں اور حکومت کو گمراہ کیاجاتارہا،6خصوصی افراد سمیت ٹوٹل9لوگ دیواریوں پر لگی تصاویر کےساتھ فوٹو سیشن کرتے رہے،نااہلی پر پر دہ ڈالنے کیلئے کسی کشمیری،پاکستانی اور صحافی کو دعوت نہیں دی گئی،اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم،سفیر سردار مسعود اور قونصل جنرل نیویارک عامر خان نے بھی شرکت کرنا گوارا نہ کیا۔ذرائع کے مطابق خانہ پری تقریب میں شریک 8لوگ فرضی نمائش میں لگی تصاویر کو دیکھ کر ہنستے رہے،کشمیری امریکن الائنس کے وائس چیئرمین تاج خان،کشمیری رہنما مختار احمد، ممتاز کشمیری رہنما خواجہ فاروق و دیگر نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم، سفیر سردار مسعود خان، قونصل جنرل نیویارک عامر خان نے کشمیر کےساتھ بہت بڑا مذاق کیا، ٹرائیکا نے مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے لینا چھوڑ دیا، نجی محفلوں میں برملا کہا جاتا ہے خصوصی حیثیت ختم ہونے کے بعد مسئلہ کشمیر ایشو نہیں رہا، بھارت سے بات اب صرف اکانومی پر ہوگی،کشمیری رہنماﺅں نے کہا سفارتکاروں کی ایسی گفتگو اور سپر پاور امریکہ میں مسئلہ کشمیر پر خاموشی اختیار کئے جانے پر کشمیریوں،پاکستانی کمیونٹی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ سفارتکاروں کی سرد مہر ی سوالیہ نشان ہے،وزیراعظم،آرمی چیف فوری نوٹس لیکر اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائیں ،حکومت مسئلہ کشمیر پر واضح موقف واضح کرے ،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے اگر نوٹس نہ لیا گیا تو کشمیریوں،اوورسیز پاکستانیوں میںبددلی مزید بڑھے گی۔