ساہیوال (بیورو رپورٹ)ضلعی انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتمام کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اور کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ضلع کونسل ہال سے ڈی سی چوک تک ایک واک کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید عثمان منیر بخاری،اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال محمد عظمان چوہدری اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل قیصر سلیم، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز، سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرام، ڈی او سیکنڈری خادم حسین موہل، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عکاشہ رسول سمیت اساتذہ، پولیس، ریسکیو1122، سول سوسائٹی، میڈیا اور دیگر شعبہ زندگی سے وابسطہ لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں واک میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری نے کہا کہ27 اکتوبر پورے پاکستان میں یوم سیاہ کے طور پرمنایا جاتا ہے کیونکہ اس دن بھارتی افواج غیر قانونی طور پر کشمیر میں داخل ہو کرکشمیریوں کی امنگوں پر قابض ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن احتجاج کا مقصد اقوام متحدہ کو باور کروانا ہے کہ کشمیری انصاف کے منتظر ہیں اورکشمیریوں پر جو ظلم و ستم کیا جا رہا ہے وہ عالمی برادری کے ضمیرپر ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور غاصبانہ قوتیں اپنے کیفرکردار کو پہنچیں گی۔سید ضیاءاللہ شاہ بخاری نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل صرف حق خودارادیت میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے قومی، ملی اور مذہبی فریضہ کو سرانجام دینے کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں تاکہ ہم اپنی آواز کو کشمیریوں کی آواز کے ساتھ ملا کر عالمی برادری تک یہ پیغام پہنچائیں کہ نہ صرف مسلمان بلکہ ہر انصاف پسند شخص اس بات پر کسی طور پر رضا مند نہیں کہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو برداشت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں کے بلند حوصلوں کو خراج تحسین پیش کرنا بھی ہے۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل قیصر سلیم نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دنیاکی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی جمہوری طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ کشمیری عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا جائے اور انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور ساہیوال آرٹس کونسل کی جانب سے کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا اور واک بھی کی گئی۔ واک کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔اسی طرح ڈائریکٹوریٹ جنرل آف آرکیالوجی کے زیر اہتمام ہڑپہ میوزیم میں بھی 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے واک کی گئی جس کی قیادت کیوریٹر ہڑپہ میوزیم احمد نواز ٹیپو نے کی۔پرنسپل گورنمنٹ امامیہ کالج ساہیوال پروفیسر شہزاد رفیق کی زیر سرپرستی کالج میں 27اکتوبر یوم سیاہ کے حوالے سے تقریب کا انعقا د کیا گیا اور واک بھی کی گئی جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس کیلئے ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا سب کا مقصد ایک ہے اور ملک کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں اگر ملک ہے تو ہم ہیں۔
دنیاکی کوئی طاقت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتی:عثمان منیر بخاری
















