فیصل آباد (بیورورپورٹ ) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں عالمی یوم خوراک کے حوالے سے واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں غذائی استحکام اور پانی کی بچت کے متعلق مربوط کاوشیں عمل میں لانے کا عزم کیا گیا۔
تقریبات کا انعقاد پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر، نیشنل انسٹیٹیوٹ برائے فوڈ سائنس اور ٹیکنالوجی، فیکلٹی آف فوڈنیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، واسا اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اشتراک سے کیا گیا۔ واک کی قیادت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کی جبکہ ڈین فیکلٹی آف فوڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر مسعود صادق بٹ، ڈی جی نفسیٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران پاشا، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ و مطبوعات پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف،ڈائریکٹر ہوم سائنسز ڈاکٹر بینش اسرار،ڈاکٹر احمد دین، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی فیصل آباد ڈاکٹر قاسم رضا، پی ڈی واسا ثاقب رضا سمیت فیکلٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ غذائیت سے بھرپور غذا تک رسائی بنیادی انسانی حق ہے۔ تاہم دنیا میں کروڑوں لوگوں کو صحت بخش خوراک اور صاف پانی میسر نہیں آتا، وقت کے ساتھ ساتھ فی کس پانی کی دستیابی میں کمی ہو رہی ہے جس کے لئے ہمیں دانشمندانہ استعمال کو رواج دینا ہو گا۔
عالمی یوم خوراک:زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام واک ، سیمینار
















