غزہ میں لاشوں کاڈھیر،ناکہ بندی ختم کی جائے،سعودی عرب،حملے بند نہ ہوئے تو مداخلت کریں گے،ایران کی دھمکی

تل ابیب، غزہ، ریاض، دوحہ (مشرق نیوز) اسرائیل کی غزہ پر زمین، فضا اور سمندر سے حملے کی تیاری، وحشیانہ حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار تک جاپہنچی، سینکڑوں زخمیوں کی حالت نازک، میتیں رکھنے کیلئے جگہ کم، آئس کریم ٹرکس منگوا لئے گئے، شامی شہر حلب پر بھی حملہ، ائر پورٹ کا رن وے دوبارہ تباہ، سعودی عرب نے غزہ کی ناکہ بندی ختم، فوجی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کردیا جبکہ ایران نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل باز نہ آیا تو سنگین نتائج بھگتے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق فلسطینی علاقوں پر قابض اسرائیلی فوج نے کہا ہے غزہ پر فضا، سمندر اور زمین سے حملہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں تاہم ابھی کوئی وقت سامنے نہیں آیا، اسرائیل نے شمالی غزہ کے شہریوں کو ایک بار پھر علاقے سے انخلا اور جنوبی علاقے کی طرف منتقل ہونے کا الٹی میٹم دےدیا۔

اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے ترجمان نے شمالی غزہ میں مقیم فلسطینیوں کےلئے نئے احکامات جاری کئے۔ ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا شمالی غزہ کے مکین وارننگ سنیں اور جنوب کی طرف جائیں، آئی ڈی ایف کے مطابق شمالی غزہ میں اہم فوجی کارروائی کا آغاز ہوگا جس کے پیش نظر شہریوں کو نکلنے کیلئے کہا گیا۔

ادھر اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری ہیں، بمباری کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 3 ہزار تک جاپہنچی، اسرائیلی جارحیت کے دوران قابض فوج بے رحمی کےساتھ بم گرا رہی ہے جس کے نتیجے میں نہتے فلسطینیوں کی اموات میں تیزی کےساتھ اضافہ ہورہا ہے۔

متعدد علاقوں پر بمباری تیز کردی گئی، ہسپتال بھی محفوظ نہیں رہے، غزہ کے ہسپتالوں میں ہیلتھ ریفریجریٹرز لاشوں سے بھر گئے، ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے پر ہسپتال انتظامیہ نے جسمانی اعضا و میتیں رکھنے کیلئے آئس کریم ٹرکس منگو الئے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، انتظامیہ نے کہا ہسپتال کے فریج میں اتنی بڑی تعداد میں شہدا کی لاشوں کو نہیں رکھا جاسکتا لہٰذا فلسطینیوں کی میتیں اب آئس کریم ٹرکس اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھی جا رہی ہیں، فیکٹریوں سے ادھار لےکر کھانے اور آئس کریم کے ریفریجریٹرز کو استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

اسرائیل نے شام کے شہر حلب پر طیاروں سے حملہ کرکے ہفتے کو تعمیر نو کے بعد کھولا گیا رن وے پھر تباہ کردیا۔ دریں اثنا حماس نے اسرائیل کو غزہ پر زمینی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے اپنی تیاریوں کی ویڈیو جاری کردی۔ جاری کی گئی فرضی ویڈیو میں ٹینکوں کو نشانہ بناتے دکھایا گیا، حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ نے خبردارکیا غزہ سے مصر کی طرف کوئی ہجرت نہیں ہورہی، حماس و دیگر فلسطینی مزاحمتی گروپ اسرائیل کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے۔

علاوہ ازیں حزب اللہ نے اسرائیل کےخلاف کارروائیاں تیز کردیں، اسرائیلی اہداف پر مزید میزائل حملے کئے گئے، میزائل حملوں میں ایک اسرائیلی ہلاک 3 زخمی ہوگئے، اسرائیلی انٹیلی جنس اٹیشن بھی تباہ ہو گیا، لبنان و اسرائیلی بارڈ پر قائم اسرائیلی ملٹری پوسٹ پر حزب اللہ کی جانب سے اپنا جھنڈا لہرا دیا گیا، حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں الرحب کے مقام پر اسرائیلی مرکاوا ٹینک کو گائیڈڈ میزائلوں سے نشانہ بنانے اور و جانی نقصان کی تصدیق بھی کی گئی۔

اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا لبنان کی جانب سے شمالی سرحد پر تعینات فوجیوں پر ٹینک شکن میزائل داغا گیا، لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا جس طرح خطے سے داعش کو ختم کیا وہی انجام اسرائیل کا بھی ہوگا۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل کے دورے کے بعد سعودی عرب پہنچے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں ولی عہد نے غزہ میں صورتحال کو پرسکون رکھنے، موجودہ کشیدگی کو روکنے اور بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے سمیت استحکام و بحالی کے کاموں پر زور دیا۔

سعودی ولی عہد نے مطالبہ کیا غزہ کا فوجی محاصرہ ختم کرکے لوگوں تک امداد پہنچائی جائے اور کشیدگی کے خاتمے کےلئے عالمی کوششوں کو تیز کیا جائے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں بند کرانا اور معصوم لوگوں کی جانیں بچانا پہلی ترجیح ہونی چاہئے، امن کے حصول کو یقینی بنانے کےلئے ناجائز تسلط ختم کرکے فلسطینی عوام کو جائز حقوق فراہم کئے جائیں، ملاقات کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے کہا ولی عہد کے ساتھ ملاقات بہت نتیجہ خیز رہی۔

مزید برآںایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی، غزہ کی تازہ ترین پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین کو پہلے کی طرح مسلم دنیا کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا غزہ کے عوام کےخلاف صیہونیوں کے جنگی جرائم کی آخری حد ہے کیونکہ فلسطینی قوم کی طرف سے جو دھچکا پہنچا وہ بے مثال ہے، ایران نے اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ایران فلسطینی قوم کی حمایت میں اپنے اصولوں اور اقدار سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔

امیرعبداللہیان نے کہا الاقصیٰ آپریشن اسرائیلی جارحیت کےخلاف فلسطینی قوم کا فطری ردعمل ہے، ایران اسرائیلی جنگی جرائم کو روکنے کےلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، ملاقات میں اسماعیل ہانیہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے اعلیٰ حکام کے اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا امید ہے مسلم دنیا فلسطینی قوم کی بھرپور حمایت کریگی، اسرائیلی حکومت کے جنگی جرائم، اندھا دھند، وحشیانہ قتل عام، گھروں، مساجد، ہسپتالوں اور عوامی مقامات کی تباہی کے باوجود فلسطینی مزاحمت مضبوط ہے جبکہ اقوام متحدہ کے خلیجی ممالک کے خصوصی ایلچی ٹور وینز لینڈ نے دوران ملاقات ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان سے گفتگو میں پر زور دیا۔ ایران کو غزہ میں حماس و اسرائیل کے درمیان کشیدگی کو ختم کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے جواب میں کہا ایران نہیں چاہتا حماس، اسرائیل کا تنازع خطے میں علاقائی جنگ میں تبدیل ہوجائے بلکہ چاہتے ہیں غزہ میں حماس کے پاس یرغمال شہریوں کی رہائی میں مدد کریں، ایران نے اقوام متحدہ کے ذریعے اسرائیل کو غزہ میں بری فوجی کارروائیوں کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا حماس اسرائیل جنگ میں پھیلاﺅ نہیں چاہتے لیکن اسرائیل باز نہ آیا تو مداخلت کرنا پڑیگی۔