موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی جائے:تاجر برادری

لاہور( رپورٹ نعیم جاوید ) ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی کے پیش نظر تاجر برادری اور عوام نے مطالبہ کیاہے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔

روزنامہ مشرق سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ایم عالم روڈ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے کہا ہنڈا موٹر سائیکل کی قیمت میں کم از کم 20 ہزار اور مقامی موٹر سائیکلوں کی قیمت میں 15 ہزار روپے کمی کی جائے، گاڑیوں کی قیمت میں کم از کم 2لاکھ سے 5 لاکھ روپے کمی فوری طور پر ہونی چاہیے کیونکہ موجودہ قیمتیں 320 روپے فی ڈالر کے حساب سے ہیں جبکہ اب ڈالر 279 روپے تک آ چکا ہے ،آنےوالے دنوں میں مزید کم ہو گا۔

سمن آباد کے کام ڈیلر آصف علی بٹ نے کہا ڈالر بڑھنے کی افواہوں کی بنا پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی قیمت میں ظالمانہ اضافہ کیا گیا جو کہ اب فوری طور پر واپس ہونا چاہیے ۔

لاہور چیمبر آف کامرس کے ای سی ممبر راجہ حسن اختر نے کہا موٹر سائیکل سفید پوش طبقے کی سواری ہے جو کہ ان کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے، برانڈتھ روڈ الیکٹرک مارکیٹ کے صدر ملک کاشف نے کہا ہے درآمدی اشیاءجس میں موٹر سائیکل بھی شامل ہے ڈالر کی قیمت میں کمی سے فوری طور پر کمی ہونی چاہیےڈالر 250 سے بھی نیچے آئے گا جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔