آڈیو لیکس کمیشن پر حکومتی اعتراض عدلیہ پر حملہ ہے : سپریم کورٹ

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے مبینہ آڈیو لیکس انکوائری کمیشن کے تین ججوں پر حکومتی اعتراض کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی درخواست بینچ کو ہراساں کرنے کیلئے دائر کی گئی، اعتراض کا مقصد چیف جسٹس کو بینچ سے الگ کرنا تھا، یہ درخواست عدلیہ پر حملہ ہے۔ عدالت عظمیٰ کے جسٹس اعجاز الاحسن نے مختصر فیصلہ سنا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 3 ججوں پر اٹھائے گئے اعتراضات عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے، متفرق درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

32 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ چیف جسٹس آف پاکستان نے تحریر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ 3 ججوں پر اٹھائے گئے اعتراضات کی قانون کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔ بینچ پر اعتراض کی درخواست اچھی نیت کے بجائے بینچ کے رکن پر ہراساں کرنے کیلئے دائر کی گئی۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ وفاقی حکومت نے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرکے تاخیر کی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے مختلف چالوں اور حربوں سے عدالتی فیصلوں میں تاخیر کی اور عدالت کی بے توقیری کی گئی۔ عدالت کی بے توقیری کا سلسلہ یکم مارچ 2023 سے شروع کیا جب یہ کہا گیا چار، تین کی اکثریت سے سپیکر کی درخواست مسترد کی۔ وفاقی حکومت 4 اپریل کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے بجائے الیکشن کمیشن کی نظرثانی اپیل کے پیچھے چھپ گئی۔

اس کا مقصد اپنی بے عملی کو جواز دینا تھا۔ اس کے بعد پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ ریو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز قانون منظور کیا۔ ریویو آف ججمنٹس اینڈ آرڈرز قانون کو سپریم کورٹ غیر آئینی قرار دے چکی۔