لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے لاہور چیمبر کے وفد کی ملاقات کے بعد انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ریٹ کے درمیان فرق میں واضح کمی، سٹاک مارکیٹ کی بہتری اور اچھے معاشی اشاریوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں کاشف انور نے کہا کہ ملک کی معاشی بحالی و ترقی میں چیف آف آرمی سٹاف کی گہری دلچسپی ملک کے معاشی مستقبل کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات کے بعد معاشی اشاریوں کا مثبت ہونا بہت اچھی علامت ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بنیادی مقصد معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کاروباری برادری خراب معاشی صورتحال کی وجہ سے پریشان تھی لیکن چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات نے نئی ہمت اور امید و حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی شرح میں کمی اور سٹاک مارکیٹ کی بحالی محض ایک آغاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی مثبت رخ اختیار کرے گی۔کاشف انور نے کہا کہ انہوں نے چارٹر آف اکانومی، روپے کی قدر میں کمی، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ کے درمیان فرق، کاروبار کرنے کی زیادہ لاگت، بجلی کے زیادہ ٹیرف، ٹیکس لگانے کے معاملات پر آرمی چیف سے بات کی اور قابل عمل تجاویز پیش کیں جس پر انہوں نے انتہائی مثبت رد عمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی مستقبل قریب میں مارک اپ ، افراط زر کی شرح، روپے کی قدر اور پیداواری لاگت کے معاملات میں بھی بہتری دیکھنے میں آئے گی۔
لاہور چیمبر، آرمی چیف ملاقات کے بعد معاشی سرگرمیوں میں بہتری خوش آئند ہے:کاشف انور
















