لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزراءصحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اہم پریس کا نفرنس کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہاکہ پنجاب بھر میں ڈینگی کی صورتحال قابو میں ہے۔ صوبہ میں ڈینگی کے باعث کوئی بھی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے داخل مریضوں کا بہترین علاج و معالجہ جاری ہے اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کا شکار مریضوں کیلئے ہائی ڈیپینڈنسی یونٹس قائم کر دیئے گئے ہیں۔ معاشرے میں ڈینگی سے بچاو¿ کیلئے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ صوبہ بھر میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے انسدادی کارروائیوں کو تیز کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پلیٹ لیٹس کے اتار چڑھاو¿ کا ڈینگی بخار سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔ سر میں درد ہونے، مسلسل پسینے آنے اور دل متلی ہونے پر فوری طور پر سرکاری ہسپتالوں یا مستند ڈاکٹرز سے رجوع کرنا چاہئے۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے پریس کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہاکہ پنجاب بھر میں ابھی تک ڈینگی کے 1267 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈینگی کی انسدادی ٹیموں نے اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد گھروں کی سرویلنس کر لی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے اب تک ڈیڑھ لاکھ افراد کو ڈینگی کی ایس او پیز کو یقینی بنانے کیلئے نوٹسز جاری کئے ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی ہم دونوں وزراءصحت سے ہر دو روز بعد ڈینگی کی صورتحال پر مبنی رپورٹ طلب کرتے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی قیادت میں صحت کے نظام میں بہت بہتری آئی ہے۔
پنجاب بھر میں ڈینگی کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم/ ڈاکٹر جمال ناصر
















