برکس سربراہ اجلاس کا زرعی تجارت اور ایس ایم ایزکی ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ آغاز

جوہانسبرگ(مشرق نیوز) جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں برکس سربراہ اجلاس 2023کا آغاز ایک کاروباری فورم کے ساتھ ہوا ہے۔برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا کے نمائندوں نے بلاک کے اندر زرعی تجارت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں(ایس ایم ایز)کی ترقی اوراقتصادی تعاون جیسے اہم امور پر روشنی ڈالی۔نمائندوں نے اجتماعی زرعی تجارت کو فروغ دینے کیلئے رکن ممالک کے مابین عدم مساوات کو دور کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور بلاک کے اندر زرعی سامان کی درآمد اور برآمد کی سرگرمی میں اضافے کی تجویز دی۔جنوبی افریقہ ایگرو بزنس ورکنگ گروپ کی چیئرپرسن وانڈیل سیہلوبو نے کہاکہ ایک گروپ (برکس)کی حیثیت سے ہم صرف 300 ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات درآمد کرتے ہیں لیکن اس میں سے زیادہ تر تجارت بلاک سے باہر ہوتی ہے۔بھارت اور چین اسکا قریباً 85 فیصد درآمد کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ان میں سے کچھ مصنوعات برازیل اور جنوبی افریقا سے درآمد کرسکتے ہیں اور بلاک کے اندر تجارت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔