جوہانسبرگ (شِنہوا) جنوبی افریقہ میں اگست کا اختتامی حصہ اپنی چمکداروں سہ پہر کیلئے مشہور ہے۔ اس موسم میں سورج کی سنہری کرنیں یہاں کے منظرنامے کو ترو تازہ کرتی ہیں۔ چینی صدر شی جن پنگ نے خاص طور پر اس با ت کا ذکر کیا ہے کہ یہ چین، جنوبی افریقہ پھلتے پھولتے تعلقات میں ایک بہترین پس منظر کا کام کرتا ہے۔ یہ تعلقات ایک سنہرے دور میں داخل ہوچکے ہیں جس میں وسیع امکانات اور امید افزا مستقبل موجود ہے۔ جوہانسبرگ میں 15 ویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت اور جنوبی افریقہ کے سرکاری دورے پر روانگی سے قبل جنوبی افریقی میڈیا میں شائع ایک مضمون میں چینی صدر نے کہا کہ یہ ترقی پذیر دنیا میں سب سے زیادہ متحرک دو طرفہ تعلقات میں سے ایک ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب چینی صدر شی جن پنگ نے چین، جنوبی افریقہ دوستی اور تعاون کو ایک ” بڑے جہاز“سے تعبیر کیا ہے۔ 2015 میں جنوبی افریقہ کے سرکاری دورے سے قبل شی جن پنگ نے اپنے مضمون میں کہا تھا کہ دو طرفہ تعاون اور دوستی ایک چھوٹی کشتی سے بڑھ کر ایک بڑے بحری جہاز میں تبدیل ہوچکی ہے۔ جنوبی افریقہ کے معروف اخبار ”دی سٹار“کے ایڈیٹر ان چیف سیفیسو مہلانگو کے مطابق دنیا غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تبدیلیوں سے گزررہی ہے لہٰذا ایسے میں یہ استعارہ اب بھی درست ہے۔ مہلانگو نے کہا کہ ایک دیو قامت جہاز ایک عظیم استعارہ ہے کیونکہ یہ ہوا اور لہروں کے دوش پر سفر کرتے ہوئے لہروں کے مخالف سفر کرتا ہے۔ یہ ایک استعارہ ہے جو برکس تعاون کے عہد پر پورا اترتا ہے۔ دریں اثناءچھٹا برکس میڈیا فورم اتوار کو جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں اختتام پذیر ہوگیا جس کے شرکاءنے ترقی پذیر ممالک کی آواز کو مضبوط بنانے اور برکس میڈیا کے مابین وسیع تر تعاون کے فروغ پر زور دیا۔ فورم کا موضوع ”برکس اور افریقہ، مشترکہ وغیر جانبدار مستقبل کیلئے میڈیا مکالمہ مستحکم کرنا“ تھا۔ اس موضوع پر تقریباً 30 ممالک کے لگ بھگ 100 میڈیا اداروں، تھنک ٹینکس اور عالمی تنظیموں کے تقریباً 200 نمائندوں نے تبادلہ خیال کیا۔ شنہوا نیوزایجنسی کے صدر فو ہوا نے دو روزہ فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ برکس ممالک کے میڈیا ادارے اس دور میں اہم ذمہ داریاں نبھارہے ہیں اور ان میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔برکس میڈیا فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین فو نے انسانیت کی مشترکہ اقدار کو فروغ دینے، زیادہ منصفانہ اور مساوی عالمی نظام کا قیام مشترکہ طور پر آگے بڑھانے، نئے دور میں برکس کی داستانیں بہتر طریقے سے بیان کرنے اور تہذیبوں کے مابین ثقافتی تبادلوں اور باہمی سیکھنے کو مشترکہ طور پر فروغ دینے کی تجویز پیش کی۔دنیا بھر کے میڈیا اداروں نے تقریب میں شرکاءکے درمیان اتفاق رائے اور اقدامات کی تعریف کی۔جنوبی افریقہ کی معروف نیوز اینڈ انفارمیشن ویب سائٹ انڈیپنڈنٹ آن لائن (آئی او ایل) کی جاریکردہ ایک رپورٹ کے مطابق دنیا میں جعلی اور تیز تر ین خبریں حقیقت پر غلبہ پارہی ہیں۔ ایسے میں یہ فورم برکس ممالک کو میڈیا کی اخلاقیات، صداقت اور جامع پن میں اپنے رائے کے اظہار کا مناسب موقع فراہم کرتا ہے۔ اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ 15 ویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کے ساتھ جنوبی افریقہ کے سرکا ری دورے پر جوہانسبرگ پہنچ گئے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے صدر سائرل رامفوسا ، جنوبی افریقہ کے بین الاقوامی تعلقات اور تعاون کے وزیر نالیدی پانڈور اور خواتین، نوجوانوں اور معذور افراد کے ایوان صدر میں وزیر نکوسازانا کلیرس ڈلامنی زوما نے جوہانسبرگ کے او آر ٹمبو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر چینی صدر کا پرتباک استقبال کیا۔ صدر رامفوسا نے جنوبی افریقہ کے سرکاری دورے پر چینی صدر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ چینی صدر نے کہا کہ وہ ایک بار پھر جنوبی افریقہ کا دورہ کر تے ہوئے بہت خوش ہیں اور چین، جنوبی افریقہ تعلقات مستحکم بنانے اور مشترکہ مفادات پر رامفوسا کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے منتظر ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ساتھ دوطریقہ تعلقات بڑے بحری جہاز میں تبدیل ہوچکے :چینی صدر
















