لاہور ( کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کچہ میں کریمنلز، ڈاکوﺅں اور دہشت گردوں سے 60 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ کلیئر کرایا گیا ہے ،آپریشن کے دوران 12خطرناک ڈاکو ہلاک، 51 گرفتار جبکہ 26 نے خود کو سرنڈر کیا، ڈاکوﺅں کی کمین گاہوں اور خفیہ ٹھکانوں کا خاتمہ کردیا گیا، فلڈ سیزن کے بعد بھی آپریشن جاری رہے گا۔کچہ آپریشن کے حوالے سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آپریشن کے دوران 50 سے زائد مغویان کو کچہ کریمنلز کے چنگل سے بحفاظت بازیاب کروایا گیا ہے ، کچہ آپریشن کے دورن ایک جوان نے جام شہادت نوش کیا، 7 پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے، کلیئر کروائے گئے علاقوں میں 40 چوکیاں، 14 بیس کیمپ قائم کئے گئے ہیں،کچہ ایریا میں بچوں کو تعلیم دینے کیلئے 6 پولیس سکولز قائم کئے گئے ہیں، مقامی افراد کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 6 ڈسپنسریاں بھی قائم کی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چے کے علاقے میں سڑکیں، پل اور دیگر انفرسٹرکچر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ہنی ٹریپ کا تدارک اور ملوث مجرمان کو پابند سلاسل کرنا پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے، پولیس ٹیم کی بروقت کاروائیوں کی بدولت ہنی ٹریپ کی 204 کوششوں کا ناکام بنایا جاچکا ہے، شہری اور کاروباری لوگ ہنی ٹریپ سے بچنے کیلئے رحیم یار خان پولیس کے خصوصی نمبر 9230337-068 سے رابطہ کریں۔ انہوںنے کہا کہ کوئی خاتون کال کرکے جنوبی پنجاب یا سندھ کے علاقے میں بلائے تو فوری پولیس کو اطلاع کریں، کسی شہری کو سستی گاڑی، ٹریکٹر، زمین یا کسی ایسی کاروباری ڈیل کیلئے جنوبی پنجاب بلایا جائے تو فوری پولیس کو مطلع کریں، اصلی فروخت کار ہونے کی صورت میں پولیس اس کے ساتھ آپ کی ملاقات اپنے دفتر کے محفوظ ماحول میں کرائےگی، تمام ریکارڈ چیک کرنے کے بعد کاروبارمیں آگے بڑھنے کے بارے میں کلیئرنس دی جائےگی، پنجاب پولیس شہریوں کو ہنی ٹریپ کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے اقدامات میں تیزی لارہی ہے۔
کچے میں جرائم پیشہ عناصر سے سے 60 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ کلیئر کرالیا : آئی جی پنجاب
















