دوحہ میں ہمارے 2 عہدیدار طالبان سے معیشت اور انسانی حقوق پر بات کرینگے: امریکہ

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی حکام دوحہ میں طالبان کے وفد اور افغان وزارتوں کے ٹیکنو کریٹک ماہرین سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں معیشت، سلامتی اور خواتین کے حقوق سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ اور افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور انسانی حقوق کے لیے امریکہ کی خصوصی ایلچی رینا امیری دوحہ میں طالبان کے وفد سے ملاقات کریں گے۔ افغانستان کو انسانی امداد فراہم کرنے، سلامتی کے مسائل، خواتین کے حقوق، معاشی استحکام اور منشیات کی پیداوار اور سمگلنگ سے نمٹنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے طالبان کے دور حکومت میں افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خواتین اور لڑکیوں کو پسماندہ کرنے کے بارے میں امریکی خدشات کا اعادہ کیا۔ پٹیل نے کہا کہ قطری دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی بات چیت طالبان کو تسلیم کرنے، تعلقات کو معمول پر لانے یا طالبان حکومت کو قانونی حیثیت دینے کی طرف کوئی اشارہ نہیں کرتی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملاقات امریکی پالیسی میں کسی تبدیلی کی نشاندہی نہیں کر رہی۔ ہم بہت واضح ہیں کہ ہم طالبان کے ساتھ اس مناسب طریقے سے نمٹیں گے جو ہمارے مفاد میں ہو گا۔امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ تھامس ویسٹ اور قطر کے دورے سے قبل قازقستان جائیں گے جہاں وہ افغانستان کے مسئلے پر بات کرنے کیلئے اس ملک کے علاوہ تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ سول سوسائٹی کے ایسے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے جو خواتین کے حقوق پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔