دمشق میں سیدہ زینب کے مزار کے نزدیک بم دھماکے، 5 افرادہلاک

دمشق (مشرق نیوز) شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے میں یوم عاشور سے ایک روز قبل حضرت سیدہ زینبؓکے مزار کے قریب دھماکے میں5 افرادہلاک 10 زخمی ہوگئے۔ عرب ٹی وی کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک ٹیکسی میں نصب کیا گیا تھا۔ حضرت سیدہ زینبؓکے مزار کے قریب مضافاتی علاقے میں دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔برطانیہ میں قائم حزب اختلاف کی جنگ پر نظر رکھنے والی تنظیم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے خبر دی کہ دھماکے میں 5 افراد ہلاک اور10 زخمی ہوئے ۔رصدگاہ کا کہنا تھاکہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے اور اس کے تین بچے زخمی ہوئے ہیں۔شیئر کی جانیوالی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جلی ہوئی ٹیکسی کو فوجی وردیوں میں ملبوس افراد اور مردوں کی بڑی تعداد نے گھیر رکھا ہے۔علاقے میں واقع عمارتوں پرعاشورا محرم کی مناسبت سے سبز، سرخ اور سیاہ جھنڈے اور بینرزآویزاں تھے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں لوگ خون اور دھول میں لت پت دو افراد کو زمین پر لٹا کر مدد کیلئے پکار رہے ہیں۔ دھماکے سے آس پاس کی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے جبکہ ایک دکان میں آگ لگی ہوئی تھی۔دمشق کے اس محلے کا نام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نواسی سیدہ زینبؓ کے نام پر رکھا گیا ہے۔