جنرل اسمبلی میں مقدس کتب پر حملوں کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

نیویار ک(بیورورپورٹ)جنرل اسمبلی نے مقدس کتب پر حملوں کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی،مراکش نے پاکستان کے تعاون سے”نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے کےلئے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے و رواداری کو فروغ دینا‘’ کے عنوان سے قرارداد پیش کی جسے 193 رکنی جنرل اسمبلی نے منظور کرلیا۔

سفارتکاروں نے کہا قرارداد کا مقصد مذہبی مقامات، نشانات اور مقدس کتابوں کے تقدس کو برقرار رکھنا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد کی تمام کارروائیوں کےساتھ مذہبی علامات، مقدس کتابوں، گھروں، کاروباروں، جائیدادوں، سکولوں، ثقافتی مراکز یا مقامات کےخلاف کسی بھی طرح کی کارروائیاں اور عبادت کےساتھ مذہبی مقامات،مزارات پر ہونےوالے حملے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔

سپین نے پیرا گراف میں ترمیم جمع کرائی جس میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی میں کہے گئے الفاظ حذف کرنے کےلئے کہا گیا، ترمیم کی مخالفت میں 62 ،حمایت میں 44 ووٹ پڑے ،24 اراکین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیارکن ممالک تمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ بین المذاہب ،بین الثقافتی مکالمے ، اختلافات کے احترام و قبولیت کو فروغ دیں۔

پاکستانی مندوب بلال چودھری نے قرارداد کی منظوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا قرارداداسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے حال ہی میں پیش کی گئی قرارداد کے سلسلے کی ایک کڑی ہے ،پاکستانی مندوب نے کہا تاریخی قرارداد میں بے حرمتی کے حالیہ واقعات سمیت مذہبی منافرت کی مذمت کی گئی اور ممالک سے مطالبہ کیا گیا وہ ایسے قوانین اپنائیں جو واقعات میں ملوث ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے قابل بنائیں۔