سگریٹ کے معروف برانڈ کی طرف سے ٹیکس چوری کا سلسلہ جاری ، قومی خزانے کو اربوں کا نقصان

لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) سگریٹ کے معروف برانڈ گولڈ لیف کی نے ٹیکس بچانے کیلئے گزشتہ 6 ماہ سے قیمت میں تبدیلی نہیں کی، ڈبی پر 244 روپے پرنٹ ہے اور 500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جس سے اربوں روپے کا ٹیکس چوری کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے 6 ماہ پہلے سگریٹ کے تمام برانڈ کی قیمتوں میں تقریبا دوگنا اضافہ کیا تھا جس کے بعد کیپٹن برانڈ 120 سے بڑھ کر 220 کا ہو گیا تھا، اسی طرح گولڈ لیف 244 روپے سے 500 روپے کا ہو گیا تھا مگر اس پر پرنٹ قیمت 6 ماہ بعد بھی 244 روپے لکھی ہوئی ہے۔ سگریٹ نوشی کرنےوالے افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو کمپنی کو قیمت 500 روپے پرنٹ کرنے کا کہا جائے یا پھر جو قیمت پیکٹ پر درج ہے گاہک سے وہ وصول کی جائے۔ روزنامہ” مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے اخبار فروش یونین کے عہدےدار حاجی ارشد نے کہا کہ وفاقی وزیر خواجہ آصف اسمبلی کے فلور پر یہ بات کہ چکے ہیں کہ گولڈ لیف سگریٹ بنانے والی کمپنی سے حکومت نے 260 ارب روپے ٹیکس لینا ہے جو کہ وہ دے نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹاک کے نام پر حکومت اور عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ گولڈ لیف کے پیکٹ پر قیمت درست کی جائے یا دکانداروں سے کہا جائے کہ جو قیمت پیکٹ پرنٹ ہے وہ وصول کی جائے آل پاکستان پان سگریٹ ایسوسی ایشن کے صدر وسیم علی نے کہا کہ حکومت اگر سگریٹ کاغذ اور مشروبات بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے گیٹ کے باہر کیمرے لگا دے تو ٹیکس چوری میں خاطر خواہ کمی آ سکتی ہے فیکٹریوں سے ایک گاڑی ٹیکس اور 10 بغیر ٹیکس ادا کئے نکلتی ہیں۔ گولڈ لیف جان بوجھ کر پرانی قیمت پرنٹ کر رہا ہے تاکہ ٹیکس پرانی قیمت کے حساب سے ٹیکس ادا کرنا پڑے قومی تاجر اتحاد کے رہنما چوہدری اسلام کھوکھر نے کہا کہ ہم ہول سیل والوں کا مارجن بہت کم ہوتا ہے ہمیں سگریٹ کمپنیوں کی طرف سے جس ریٹ پر سپلائی آتی ہے ہم آگے ریٹلر کو دے دیتے ہیں متعلقہ محکمے کو چاہیے کہ وہ فیکٹری سے قیمت درست کروائے اور پورا ٹیکس وصول کرے۔