دنیا میں ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں: چینی صدر

بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پنگ نے مشترکہ ترقی کےلئے عالمی ایکشن فورم کی پہلی اعلیٰ سطح کانفرنس کو مبارکباد کا خط ارسال کیا ہے۔ شی جن پنگ نے اپنے خط میں کہا کہ دنیا میں ایک صدی میں نظر نہ آنے والی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں، عالمی معیشت بحالی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور عالمی ترقی کے ایجنڈے کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ تعاون پر اتفاق رائے پیدا کرنے اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کےلئے میں نے پائیدار ترقی کی خاطر اقوام متحدہ کے 2030 کے ایجنڈے پر عمل درآمد کو تیز کرنے میں معاونت کے طور گلوبل ڈیویلپمنٹ اینی شیٹو پیش کیا ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہے کہ تمام فریقین کی مشترکہ شرکت کے ساتھ گلوبل ڈیویلپمنٹ اینی شیٹو پر تعاون نے اہم ابتدائی نتائج حاصل کئے ہیں اور متعدد ترقی پذیر ممالک کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی انسانی معاشرے کا ابدی موضوع ہے اور مشترکہ ترقی ایک بہتر دنیا کی تعمیر کا ایک اہم راستہ ہے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ سب سے بڑے ترقی پذیر ملک کی حیثیت سے چین نے ہمیشہ اپنی ترقی کو انسانی ترقی کے وسیع تر تناظر میں رکھا ہے اور اپنی ترقی کے ذریعے دنیا کی ترقی کےلئے نئے مواقع پیدا کئے ہیں۔ چینی صدر نے کہا کہ چین عالمی ترقیاتی تعاون کے لئے اپنے وسائل میں مزید اضافہ کرے گا، عالمی ترقیاتی اقدام کو مزید آگے بڑھانے کےلئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرےگا اور اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک کمیونٹی کی تعمیر میں نیا کردار ادا کرےگا۔ چائنہ انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے زیر اہتمام گلوبل ایکشن فار شیئرڈ ڈیو یلپمنٹ فورم کی پہلی اعلیٰ سطح کانفرنس پیر کے روز بیجنگ میں شروع ہوئی جس کا موضوع "گلوبل ڈیویلپمنٹ اینی شیٹو، ایکو دی ڈیویلپمنٹ ایجنڈا اور کال فار گلوبل ایکشن" تھا۔