تمام پاکستانی ٹیکس نہیں دینگے تو ریاست کو بھیک مانگنا پڑے گی: احسن اقبال
اسلام آباد(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے اگر پاکستانی ٹیکس نہیں دیں گے تو ریاست کو بھیک مانگنا پڑے گی، ہر شہری کا فرض ہے ٹیکس چوری کی نشاندہی کرے،اپنے بیان میں انہوں نے پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کے درمیان ہونے والے معاہدے سے متعلق اظہار خیال کیا،احسن اقبال نے کہا آئی ایم ایف معاہدے سے معیشت بہتر ہوگی، آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستان ٹریک پر چڑھ گیا ، وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کوششیں اہم ہیں، آئی ایم ایف معاہدے پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے،پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا آئی ایم ایف معاہدے کے بعد پی ٹی آئی میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، آئی ایم ایف معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کیں، پی ٹی آئی نے معاہدے ختم کرنے کیلئے بیرون ملک لابنگ کی،وفاقی وزیر نے کہا پی ٹی آئی کی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت دباو¿ کا شکار رہی، پی ٹی آئی ملک دشمن سرگرمیوں میں حد سے گزرچکی ہے، کسی جماعت نے سیاسی مخالفت کو ریاستی مخالفت میں تبدیل نہیں کیا،مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا آئی ایم ایف معاہدے سے ہمیں ایک اور موقع ملا ، ہمیں ایمرجنسی لگا کر اپنی ایکسپورٹ کو بہتر کرنا ہوگا، آگے بڑھنے کیلئے ہمیں قومی پلان کی ضرورت ہے جو تیار کرلیا،احسن اقبال نے مزید کہا صبح 10بجے اٹھنے والی قوم کبھی ترقی نہیں کرسکتی۔


















