سعودی عرب اور شام کے وزرا خارجہ کی ملاقات، تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال

ریاض (مشرق نیوز) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کے روز دارالحکومت الریاض میں اپنے شامی ہم منصب فیصل المقداد سے ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پربات چیت کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان اور ڈاکٹر فیصل المقداد کے درمیان یہ ملاقات عرب لیگ کے رکن ممالک اور بحرالکاہل کے چھوٹے جزائر پر مشتمل ترقی پذیر ریاستوں کے درمیان دوسرے وزارتی اجلاس کے موقع پر ہوئی ہے۔ اس کی میزبانی سعودی عرب نے کی تھی۔سعودی وزارتِ خارجہ کے سرکاری اکاﺅنٹ پر جاری کردہ ایک ٹویٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرا نے شام اور خطے کی تازہ صورت حال اور باہمی دلچسپی کے مشترکہ امور پر تبادلہ خیال کیا ۔یہ ملاقات سعودی عرب اور شام کے درمیان تعلقات میں حالیہ گرم جوشی اور شام اور دیگر عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے سلسل جنبانی کے بعد ہوئی ہے۔ان میل ملاقاتوں کے نتیجے میں شام کی عرب لیگ میں دوبارہ واپسی ہوئی ہے اور شامی صدر بشارالاسد نے گذشتہ ماہ سعودی عرب میں منعقدہ عرب لیگ کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔ایک عشرے سے زیادہ عرصے کے بعد شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے انھیں اس عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔