سوڈان کے دوسرے بڑے شہر پورٹ سوڈان میں رات کے کرفیو کا اعلان

خرطوم (مشرق نیوز) سوڈان کے دوسرے بڑے شہر پورٹ سوڈان میں مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست بحیرہ احمر کے گورنر نے ایک اعلامیہ میں پورٹ سوڈان میں کرفیو کے نفاذ کا اعلان کیا۔ قبل ازیں ریاست کی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ اس نے کئی باغی سلیپر سیل پکڑے ہیں جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ باہر سے ریاست میں داخل ہوئے تھے اور وہ تخریبی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم بحیرہ احمر کے شہریوں کا ان کے مکمل تعاون اور فوری طور پر ان باغی عناصر اور ان کے ایجنٹوں کی اپنے علاقوں میں موجودگی کی اطلاع دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔بعد ازاں کمیٹی نے ہنگامی حالت میں توسیع کرتے ہوئے پورٹ سوڈان میں رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے لیکن اس نے ان باغی عناصر کی شناخت نہیں بتائی۔سوڈانی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان ایک ویڈیو میں فوجیوں کو سلام کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔