دنیا بھر میں آزادی صحافت حملے کی زد میں ہے: انتونیو گوتریس

نیویارک(خواجہ فاروق)اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہاہے کہ دنیا کے ہر کونے میں آزادی صحافت حملے کی زد میں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں آزادی صحافت کے عالمی دن کی تقریب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانے اور غلط معلومات پھیلانے کی مذمت کرتے ہیں، ہماری تمام آزادی کا انحصار پریس کی آزادی پر ہے۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ آزادی صحافت جمہوریت اور انصاف کی بنیاد اور انسانی حقوق کی جان ہے، دنیا میں آج سچ کو جھوٹ اور نفرت انگیزی سے خطرہ ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ جھوٹ اور نفرت کا پھیلاﺅ حقیقت اور فسانے کے درمیان لکیر کو دھندلا کر دیتا ہے، سائنس اور سازش کے فرق کو مٹا دیتا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج دنیا کے ہر کونے میں پریس فریڈم پر حملہ ہو رہا ہے۔