مزدوروں کی کم از کم اجرت کے قوانین پر عملدرآمد کرانا انتہائی ضروری ہے:اظفر علی ناصر

لاہور (اپنے نمائندے سے)نگران وزیر ہا¶سنگ پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہمیں ایک موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں محنت کشوں کے مثبت کردار پر غور کریں۔ محنت کش کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی اور معاشی ترقی میں اہم کردار رکھتے ہیں۔ ہمیں مزدوروں کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کی اہمیت کو تسلیم کرنا چاہئے۔ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون موجود ہیں مگر عملدرآمد نہیں ہے۔ مزدوروں کی فلاح کیلئے اجرت کے قوانین پر عملدرآمد کروانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو ملنے والی اجرت انکے خاندانوں کی کفالت کیلئے ناکافی ہوتی ہے۔ پاکستان میں بہت سے کارکنوں کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان میں بہت سے کارکنوں کے پاس ملازمت کا تحفظ، صحت کی دیکھ بھال اور پنشن جیسے بنیادی فوائد تک رسائی کا فقدان ہے۔ خواتین اور پسماندہ افراد خاص طور پر کام کی جگہ پر استحصال اور امتیازی سلوک کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم فیکٹریوں میں کام کرنے والوں سے لےکر کھیتوں اور گھروں میں کام کرنے والے تمام جفاکشوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اور محنت کش ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔صنعتکار یا کسی بھی پیشہ سے وابستہ شخص اپنے ورکرز کے حقوق کا تحفظ کرے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارا سیاسی نہیں عوامی ایجنڈا ہے۔ کوئی بھی قانون کو ہاتھ میں لے گا تو انتظامیہ حرکت میں آئے گی۔ سید اظفر اظفر علی نے کہا کہ مینار پاکستان پارک کو 26مارچ کے جلسے میں ہونےوالے نقصان پر پی ایچ اے کو نقصان کے ازالے کیلئے خط لکھنے کا کہا جس پر ری ایکشن آیا۔ اگر قانون کی عملداری کی بات کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے نگران حکومت کا جھکا کسی ایک سیاسی جماعت کی طرف ہے۔